جیکب آباد میں عوام سے سہولیات چھینے والی مافیا سرگرم

93

جیکب آباد(نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں عوام سے سہولیات چھینے والی مافیا سرگرم،جعفر آباد محلہ کی گلی میں ٹف ٹائل اکھاڑ دی گئی ،وفاقی وزیر کے ترقیاتی منصوبوں کو خراب کیا جانے لگا،صبح سویر سوئی گیس والے آئے کہاں پائپ لائن ڈالیں گے، ٹف ٹائل اکھاڑ دی اور پائپ لائن بھی نہ ڈالی، علاقہ مکین۔ جیکب آباد میں عوام دشمن مافیا سرگرم ہوگئی جس کا مقصد عوام کو ملنے والی سہولیات چھیننا اور ختم کرنا ہے۔ جعفرآباد محلہ ایس ایس پی آفس کے سامنے والی گلی میں رکن قومی اسمبلی محمد میاں سومرو کی جانب سے ٹف ٹائل کا کام کرایا گیا جسے ایک ماہ بھی نہیں ہوا تھا کہ اسے اکھاڑ دیا گیا۔ اس سلسلے میں علاقہ مکینوںمحمد علی، اکرم، ظفر اور دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ صبح سویرے کچھ لوگ آئے اور کہا کہ ہم محکمہ سوئی گیس سے ہیں، پائپ لائن ڈالیں گے، جس کے لیے ٹف ٹائل اکھاڑ دی اور پھر پائپ لائن بھی نہیں ڈالی اور غائب ہوگئے، یہ تو زیادتی ہے، اتنے عرصے کے بعد گلی تعمیر کی گئی اب اسکو بھی تباہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روڈ کو کھودنے سے پہلے بلدیہ سے اجازت لی جاتی ہے، بلدیہ اس پر کیوں خاموش ہے، لاکھوں روپے کا خرچ اس طرح ضائع کیا جارہا ہے۔ ایم این اے محمد میاں سومرو، ڈی سی اور دیگر حکام اس کا نوٹس لیں اور جیکب آباد میں ترقیاتی منصوبوں کو تباہ کرنے والی مافیا کیخلاف کارروائی کی جائے، جو عوام کو سہولت ملنے پر خوش نہیںہے۔