ماضی کی حکومتوں کی طرح پی ٹی آئی بھی ناکام ہوگئی ہے، سراج الحق

312

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ ماضی کی حکومتوں کی طرح پی ٹی آئی بھی بری طرح فلاپ ہوگئی ہے، وزیراعظم کی ٹیم کے افراد ٹی وی پر دعوے کر کے زمین و آسمان کے قلابے ملادیتے ہیں مگر ان کی پرفارمنس زیرو ہے۔

منصورہ میں مرکزی اور صوبائی پارلیمانی بورڈز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ  شفاف ا نتخابات کے انعقاد کے لیے سیاسی جماعتیں آپس میں بات چیت کاآغاز کریں، انتخابی عمل سے دولت ، دھونس اور دھاندلی کو ختم کیے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ  اکثر سیاسی جماعتیں فیملی کلبز اور ون مین شو ہیں ،انہیں اپنے اندر جمہوریت لانا ہوگی، جماعت اسلامی نے الیکشن ریفارمز کا جامع پیکیج سیاسی جماعتوں سے شیئر کیاہے ،جواب کے منتظر ہیں۔

سراج الحق نے کہاکہ عوام کی کسی کو فکر نہیں، جماعت اسلامی عوام کا مقدمہ لڑ رہی ہے، ہمیشہ کی طرح آئندہ انتخابات میں دیانتدار اور اہل امیدواروں کو میدان میں اتاریں گے، قوم سے اپیل کرتاہوں کہ قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ اور فلاحی معاشرہ کے قیام کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی الیکشن میں اپنے پرچم اور اور انتخابی نشان ترازو کے ساتھ میدان میں اترے گی، جماعت اسلامی کی سیاست کا مقصد فرد کے ذریعے معاشرہ کی اصلاح اور ایک پرامن فلاحی معاشرہ کا قیام ہے ۔ جماعت اسلامی کی سات دہائیوں سے جاری جدوجہد کا مقصد پاکستان میں قرآن و سنت کے نظام کا نفاذ ہے۔