لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا بیان جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوا، یونس دانش

125

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹ) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی ترجمان ڈاکٹر محمد یونس دانش نے بجلی ترسیل کرنے والے ادارے حیسکو کے عوام دشمن رویے اورسیاہ کارناموں کا پردہ چاک کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں لوڈشیڈنگ کے خاتمہ سے متعلق وفاقی وزیر حماد اظہر کا بیان جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوا ہے بجلی ترسیل کرنے والے ادارے حیسکو نے10سے 12گھنٹے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا ہے، جبکہ حیسکو کا بوسیدہ نظام صارفین کے لیے درد سربن گیا ہے۔ ٹرانسفامر جلنا اور لنک ڈاؤن روز کا معمول بن چکا ہے، شہر کے متعدد علاقوں میں 15 سے 20 روز تک بجلی منقطع رہنے سے صارفین پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، یہاںتک کہ صارفین جمعہ اور عیدالاضحی کی نمازتک ادا کرنے سے قاصر رہے، پچھلے دو ماہ سے حیدرآباد کے گنجان آبادی والے علاقوں پھلیلی پریٹ آباد، اسلام آباد، لیاقت کالونی، گاڑی کھاتہ، فقیر کا پڑ، آفندی ٹاؤن، ہیر آباد، لطیف آباد کے مختلف یونٹ، امریکن کوارٹر کے عوام سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں، ہر روزکہیں نہ کہیں روڈ بلاک کی شکایات کے سبب ٹریفک کی روانی متاثر رہی ہے مگر افسوس شہر پر حق ملکیت جتانے والے ایم این ایز، ایم پی ایز اس ظلم اور عوام دشمن اقدامات پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے نئے حیسکو چیف نے چارج سنبھالا ہے ٹرانسفامر گرنے اور جلنے کے واقعات میں تیزی آگئی ہے۔