شہریوں نے الخدمت کو قربانی کی کھالیں دیکر اپنے اعتماد کا اظہار کیاہے

114

ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت)غریبوںاور نادار افراد کی خوشیوں کے لیے اپنی عید کی خوشیاں قربان کر دینا بڑی عباد ت ہے۔شہریوں نے اس سال بڑی تعداد میں الخدمت کو قربانی کی کھالیں دے کر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے پاکستان میں غربت انتہا کو پہنچ چکی ہے،حکمران اپنی عیاشیاں ختم کرکے غریبوں کے مسائل حل کریں۔ ان خیالات کا اظہار الخدمت اسپتال کے ایڈ منسٹریٹر محمد یو نس قائم خانی نے عید کے روز میڈ یا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں غربت،مہنگائی اوربیروزگاری کا خاتمہ نہ کیا گیا تو پاکستان صومالیہ بن جائے گا۔عوام کی جانب سے بڑی تعداد میں قربانی کی کھالیں الخدمت کودیے جانا ہمارے کارکنوں کے لیے حوصلے کا باعث ہے عیدالاضحی مسلمانوں کو ایثار وقربانی کا درس دیتی ہے اور اللہ تعالیٰ کے دین کے نفاذ کے لیے جا ن ومال کی قربانی پرآمادہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالحج کا مہینہ حضرت ابراہیم ؑ کی لازوال قربانی کی یاددلاتا ہے،امت مسلمہ سنت ابراہیم ؑ کی یاد میں جانوروں کی قربانی دیکراس بات کا عہد کرتی ہے کہ فریضہ اقامت دین کی ادائیگی میں کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔آج امت مسلمہ مصائب سے دوچار ہے اور اہل کفر کے ستم کا نشانہ بن رہی ہے۔سنت ابراہیم ؑ آپ کو اللہ تعالیٰ کے راستے میں جدوجہد اور ایثارقربانی کادرس دیتی ہے اوریہی زندہ قوموں کا شیوہ ہے اوریہی وقت کی آواز ہے۔