ڈگری ،عید کے تینوں دن حادثات و واقعات میں 4 افراد ہلاک

319

ڈگری (نمائندہ جسارت) ڈگری اور گردونواح میں عید کے تینوں دن حادثات و واقعات میں چار افراد جاں بحق جبکہ چار زخمی ہوگئے، ڈگری پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع گوٹھ کوٹ میر جان محمد میں عیدکے دن محمد سومار خاصخیلی جومرگی کامریض بتایا جاتا ہے مرگی کے دورہ پڑنے سے پانی کے گڑھے میں گرنے سے ڈوب گیاجبکہ میرواہ گورچانی کے نزدیک پران شاخ میں نواب وزیر لغاری کا رہائشی 14 سالہ لڑکا آصف علی ولد ابراہیم لغاری نہاتے ہوئے پانی میں ڈوب گیا۔ جسے ورثاء فوری طور پررورل ہیلتھ سینٹر میرواہ گورچانی لے کر پہنچے، جہاں ڈاکٹروں نے اسکی موت کی تصدیق کردی۔ بچے کے گھر میں عید کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں۔ 78 موری کے قریب کار اور چنگ چی رکشے میں ٹکرلگنے سے موقع پر ہی رکشہ ڈرائیور نوجوان ایوب نہڑی جاں بحق ہوگیا جبکہ زبیر اور عبدالسلام زخمی ہوگئے جبکہ کار میں موجود میاں بیوی بھی شدید زخمی ہوگئے جن کو تشویشناک حالت کے باعث حیدرآباد ریفر کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ حادثہ کار ڈرائیور سے کنٹرول نہ ہونے کے بعد پیش آیا۔ ڈگری سب ڈویژن کے تعلقہ کے جی ایم کے دیہہ 334 کی گوٹھ وقار احمد پڑھیار میں شادی شدہ خاتون ڈیمان زوجہ پریم چند کولہی نے مبینہ طور پر گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی۔