اندرون سندھ ،امین گنڈا پور کیخلاف جیالوں کا احتجاج ،پتلا نذر آتش

123

میرپورخاص، لاڑکانہ، ٹنڈو محمد خان (نمائندگان جسارت) شہید ذوالفقار علی بھٹو کیخلاف نازیبا الفاظ کہنے پر پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر امین علی گنڈا پور کیخلاف پیپلز پارٹی میرپورخاص کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کا پتلا بھی نذر آتش کیا گیا۔ اس موقع پر پی پی کے ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات خیرالنساء مغل، عبدالستار امین، میاں امجد سعید آرائیں اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو مکمل آئین دیا، ایٹمی طاقت بنایا، ملک اور قوم کے لیے بھٹو خاندان نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا، ان رہنمائوں کیخلاف ایک سلیکٹڈ وزیر امین گنڈا پور شراب کے نشے میں دھت ہوکر بھٹو کیخلاف نازییا الفاظ کہے، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر کو معلوم ہونا چاہیے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے انڈیا سے نوے ہزار جنگی قیدی آزاد کروائے تھے، ان قیدیوں میں وفاقی وزیر کا والد بھی شامل تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سلیکٹڈ وفاقی وزیر فوری طور پر عوام سے معافی مانگیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی کال پر لاڑکانہ میں وفاقی وزیر امور کشمیر امین گنڈاپور کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں وفاقی وزیر کیخلاف شدید نعرے بازی کرکے انہیں ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا۔ ریلی کی قیادت پی پی سٹی صدر خیر محمد شیخ، انور علی نواز لہر، جاوید منگی، شبیران جوکیو، آمنہ جمالی سمیت دیگر نے کی جس میں رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے وفاقی وزیر امین گنڈاپور کے پتلے کو نذرآتش کرکے وفاقی وزیر کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی وزیر امین گنڈا پور نے آزاد کشمیر کی انتخابی مہم میں شہید بھٹو کیخلاف نازیبا الفاظ کرکے یہ ثابت کیا کہ وہ گالم گلوچ کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ شہید بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دے کر ایٹمی طاقت بنایا اور بھارت سے 90 ہزار جنگی قیدیوں کو رہا کروایا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مظلوم اور محکوم عوام کو زبان دی، شناختی کارڈ اور پاسپورٹ سمیت اسٹیل مل قائم کرکے دیگر تاریخی کارنامے سرانجام دیے۔ پی ٹی آئی کی گالم گلوچ بریگیڈ کی وجہ سے ملکی سیاست غلط سمت میں جارہی ہے جسے روکنے کے لیے گنڈا پور جیسے وزیروں کو عہدوں سے ہٹانا ضروری ہے۔ امین گنڈا پور کا بیان کسی صورت برداشت کے لائق نہیں۔ عمران خان نوٹس لے کر گنڈا پور کو عہدے سے فارغ کریں بصورت دیگر پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ ٹنڈو محمد خان میں پیپلز پارٹی کے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے خلاف احتجاجی ریلی، پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، سخت نعرے بازی۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کیخلاف بخاری ہاوس سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں پیر عاقب سجاد جان سرہندی، شیر امین لاکھو، ڈاکٹر میر حسن ملاح، معشوق بھٹی، گلزار بھٹی، جمن کہر، حارث صبح پوٹو، نور محمد ویسرو، رازق خان یوسفزئی، تابش بھٹی، محسن شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور اب عمران خان اور اس کی ٹیم ملک میں تصادم کروا کر عوام کو گمراہ کرنا چاہتی ہے۔