جیکب آباد،ہلال احمر کی اراضی پر قبضہ دکانوں کی تعمیر

145

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں ہلال احمر کی اراضی پر قبضہ کرکے دکان تعمیر کیں جانے لگیں، انتظامیہ کی خاموشی کی وجہ سے دکانوں کی تعمیرات تیزی سے دن رات جاری۔ جیکب آباد میں ہلال احمر کی اراضی پر دکانوں کی تعمیر کی جارہی ہے، ڈی سی چوک جو شہر کا مرکز ہے پر واقع بے نظیر ایم سی ایچ سینٹر کے مرکزی گیٹ کے برابر میں دو دکانوں کی تعمیر تیزی سے کی جا رہی ہے ضلعی انتظامیہ کی خاموشی پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک طرف عدالت عظمیٰ کے احکامات کے تحت انتظامیہ لیز رکھنے والی ملکیت کو بھی مسمار کر رہی ہے۔دوسری جانب ڈی سی چوک پر سرکاری زمین پر تعمیرات پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے جو کہ تجاوزات کے حوالے سے جاری آپریشن میں دہرے معیار کا کھلا ثبوت ہے ، ان کا کہنا تھا محسوس ہو رہا ہے کہ اس طرح کی تجاوزات کو تحفظ دیکر انتظامیہ غریبوں کی دکانیں اور گھرمسمار کرکے سپریم کورٹ کو شاید غلط رپورٹ دے رہی ہے جس کا نوٹس لیا جائے۔ اس سلسلے میں ہلال احمر جیکب آباد کے سیکرٹری صلاح بگٹی نے رابطے پر بتایا کہ دکانوں کی تعمیر ہلال احمر کی لیبارٹری قائم کرنے کی وجہ سے کی جارہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہلال احمر کی اراضی پر تعمیر کی جانے والی بیکری کے مالک کوکام بند کرنے کا نوٹس دیا ہے بنا اجازت کے بیکری کی اراضی عقب میں بڑھا کر بنائی جا رہی ہے جو کہ غیر قانونی ہے بالا حکام کو آگاہ کیا ہے ،نیشنل بک فائونڈیشن کو عمارت خالی کرنے سے روک دیا ہے۔