چیف جسٹس پاکستان کا دورہ حیدر آباد اچانک منسوخ

97

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد خان کا آج کا دورہ حیدر آباد منسوخ کردیا گیا ہے ۔حیدرآباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدرمحمد آصف شیخ کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چند ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر مہمان خصوصی چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد خان نے آج10جولائی کو ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حیدرآباد کی منتخب باڈی کی منعقدہ تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت کرلی ہے جس کی وجہ سے تقریب منسوخ کردی گئی ہے ۔چیف جسٹس کی آمد کے اعلان نے سوئے ہوئے بلدیاتی اداروں کو جگادیا۔ ڈسٹرکٹ وسیشن کورٹ کے احاطوں‘ اطراف میں صفائی ستھرائی ‘لائٹوں کی تنصیب‘ سڑک کی صفائی وپیوند کاری کا کام ہنگامی بنیادی پر جاری کیا گیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان کی حیدرآباد کی آمد کے پیش نظر بلدیہ اعلیٰ کی جانب سے صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات بھی کیے جارہے تھے اور ڈسٹرکٹ و سیشن کورٹ اور چیف جسٹس کے روٹ پر بھی صفائی کا کام جاری ہے ۔ گرین بیلٹس اور فٹ پاتھوں پر لگے درختوں کی بھی کانٹ چھانٹ کی گئی ، اس ضمن میں ایڈمنسٹریٹر حیدرآباد کی ہدایت پر میونسپل کمشنر فاخر شاکر نے بلدیہ اعلیٰ شعبہ ہیلتھ سروسز سٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سراج شاہ اور  عملے کے ساتھ پریس کلب تا اولڈ کیمپس روڈ اورڈسٹرکٹ و سیشن کورٹ کے اندر و اطراف کی شاہراہوں پر جاری صفائی ستھرائی  کے کاموں کا دورہ بھی کیا۔