بدین، آباد گاروں کا محکمہ آبپاشی کیخلاف احتجاج و دھرنا

249

بدین (نمائندہ جسارت) پھلیلی کینال سے علی پور ریگیولیٹر کے قریب سے نکلنے والی امام واہ جنوبی کی زیرو آر ڈی سے 36 آر ڈی تک کے زمینداروں نے اپنے واٹر کورس ہیوی مشینری کے ذریعے بند کرنے کے لیے جاری آپریشن کیخلاف ماتلی میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے حیدرآباد مین شاہراہ پر ماتلی ڈگری و بدین بائی پاس روڈ کو دھرنا دے کر مکمل طور سے بلاک کردیا۔ مظاہرین کی نمائندگی قربان نوتکانی، مولانا گل محمد، سلیم نوتکانی، محمد خان نوتکانی اور دیگر کررہے تھے۔ امام واہ جنوبی کے شروع (منڈھ) کے آبادگار نمائندوں نے محکمہ آبپاشی کے اس آپریشن کو ظالمانہ آپریشن قرار دیتے ہوئے اسے فوری بند کرنے اور واٹر کورس کھولے جانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ امام واہ جنوبی کی 36 آر ڈی تک پہلے سے 42 واٹر کورس تھے جنہیں ری ماڈلنگ کے نام پر غیر فعال بنا کر محکمہ آبپاشی نے اپنی مرضی سے ان واٹر کورسوں کے مقامات تبدیل کرکے آبادگاروں کو پانی کے بحران میں مبتلا کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ امام واہ جنوبی 36 آر ڈی تک مکمل طور سے کوٹری بیراج کی نہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی نے سکھر بیراج کے بااثر افراد سے ملی بھگت کرکے اسے 89 آر ڈی تک بڑھا کر اس کے منڈھ کے حقیقی آبادگاروں کو پانی سے محروم کرکے رکھ دیا ہے۔