اولمپک ٹوکیو 2021: غیر ملکی ٹیمیں جاپان پہنچنا شروع

338

ٹوکیو: جاپان میں 23 جولائی کو شروع ہونے والے ٹوکیو گیمز سے قبل بہت سی غیر ملکی اولمپک ٹیمیں جاپان پہنچنا شروع ہو گئی ہیں جبکہ انتظامیہ  نے انڈیا اور پاکستان سمیت کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم سے متاثر ہونے والے پانچ ممالک کے کھلاڑیوں کے کھیل شروع ہونے سے پہلے روزانہ کی بنیادوں پر سات روز تک ٹیسٹ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق حکومت جاپان کا کہنا ہے کہ 18 ممالک اور علاقہ جات کی اولمپک ٹیموں کے تقریباً 400 ارکان کی ملک میں آمد متوقع ہے۔

اولمپکس انتظامیہ کے مطابق  ٹوکیو کے قریب ناریتا ہوائی اڈے، ٹوکیو میں واقع ہانیدا ہوائی اڈے یا ناگویا کے قریب چُوبُو ہوائی اڈے پر پہنچنے کے بعد یہ ٹیمیں ملک بھر میں اُن مقامات کا رخ کریں گی جہاں کھیلوں سے قبل اِن کے کیمپ منعقد کیے گئے ہیں۔

گزشتہ روز امریکہ کی باکسنگ ٹیم کے 20 ارکان ناریتا پہنچے ہیں، انہوں نے کورونا وائرس انفیکشن سے بچنے کی کوشش میں ہوائی اڈے کے دیگر استعمال کنندگان کے رابطے میں آئے بغیر، داخلے کے طریقہ کار کے لئے مختص گزرگاہ کو استعمال کیا۔

دوسری جانب  برطانیہ سے کشتی رانی کی ایک ٹیم ہانیدا پہنچی اور توقع کی جا رہی ہے کہ وہ کانا گاوا پریفیکچر میں اپنے میزبان قصبے ’ہایاما‘ میں قیام کرے گی جبکہ جاپانی حکام پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ بہت سی غیر ملکی ٹیموں کی آمد کے تناظر میں سرحدوں پر کنٹرول سمیت مختلف اقدامات کو استعمال کرتے ہوئے وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پائیں۔

واضح رہے جاپان میں کھیلوں کے سب سے بڑے میلے ٹوکیو اولمپکس 2021 کے انعقاد میں اب صرف تین ہفتے باقی رہ گئے ہیں جبکہ مختلف ممالک کے دستوں نے جاپان کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے جن میں آسٹریلیا، گھانا، ارجنٹینا، جرمنی کے دستے شامل ہیں ۔

خیال رہے ٹوکیو اولمپکس کا آغاز 23 جولائی سے ہو رہا ہے جو کورونا کی وبا کے باعث ایک سال کی تاخیر سے شروع ہو رہی ہےجبکہ کورونا وائرس کےٹیسٹوں کا سلسلہ یکم جولائی سے شروع ہوگیا ہے۔

اولمپکس کے وزیر تامایو ماروکاوا کا کہنا ہے کہ  تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو ٹوکیو اولمپکس میں حصہ لینے سے قبل چار روز تک روزانہ کورونا ٹیسٹ کروانے کا کہا جا رہا ہے جبکہ ڈیلٹا قسم سے متاثر ہونے والے ممالک کے کھلاڑیوں کیلئے الگ ایس او پیز جاری کی گئیں ہیں۔