پی پی نے سندھ کی زمین اور وسائل کی فروخت کا بازار لگا رکھا ہے

153

بدین (نمائندہ جسارت) سندھ ایکشن کمیٹی کی جانب سے سندھ کی زمینوں وسائل پر قبضوں، قوم پرست رہنماؤں کی گرفتاری اور مقدمات کے اندارج کیخلاف جاری احتجاجی قافلہ تلہار اور ماتلی پہنچا۔ سندھ ایکشن کمیٹی کے رہنما ڈاکٹر قادر مگسی ریاض چانڈیو اور دیگر کی قیادت میں بحریہ ٹائون کیخلاف احتجاجی ریلی کا آغاز تلہار سے ہوا گزشتہ روز ریلی بدین پہنچی تھی، ایکشن کمیٹی کے مقامی رہنماؤں شاہ نواز سیال ایڈووکیٹ، آزاد میر حسن پنہورظ، خادم تالپور، بشیر تالپور، حیدر پنہور، خواجہ رسول بخش چانگ اور سیکڑوں کارکنوں نے تلہار شہر پہنچنے پر شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر مین حیدرآباد روڈ پر منعقد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر قادر مگسی، ریاض چانڈیو، اسلم خیرپوری، رسول بخش خاصخیلی اور دیگر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کی زمین اور وسائل کی فروخت کی بولی اور بازار لگا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد سندھ دشمنی پر ہے، ہم زرداری اور ملک ریاض کی قبضہ خوری کیخلاف سندھ بچانے کے لیے میدان میں نکلے ہیں۔ زرداری نے ریاض ملک کو سندھ ٹھیکے پر دے کر زمین اور وسائل کا مالک بنا دیا ہے۔ زرداری نے ملک ریاض کو زمین اور وسائل کا مالک بنا کر پناہ دے رکھی ہے، سپر ہائی ویز ہم سے چھین لیا گیا اب کراچی چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سندھ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ عوام سندھ دھرتی کے مالک اور وارث ہیں، اس کے ایک ایک انچ کی حفاظت کریں گے۔ ملک ریاض اور اس کے حواریوں کو ذلالت اور خواری کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق سندھ کو اپنا حصہ تسلیم نہیں کرتا، اس کی زیادتیاں ختم نہیں ہوئیں۔ پیپلز پارٹی نے لوٹ مار، کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے، ہم کو اپنی ہی دھرتی پر دربدر کیا جارہا ہے۔ سندھ کے وارثوں پر جھوٹے مقدمات اور گرفتاریاں کی جا رہی ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ پی پی زرداری نے ہمیشہ سندھ کارڈ کا استعمال کر کے اسٹیبلشمنٹ کو بلیک میل کیا۔