معاشی ترقی کے لیے ایس ایم ایز کے ساتھ تعاون ضروری ہے ، رابرٹ سکیڈ مور

271
چیف انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر رابرٹ اسکیڈ مور کوصدر کے سی سی آئی ایم شارق وہرہ شیلڈ پیش کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر (آئی ٹی سی) کے سیکٹر اینڈ انٹرپرائز کامپیٹیوٹینس کے چیف رابرٹ اسکیڈ مور نے کہا ہے کہ پائیدار معاشی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ایس ایم ایز کے ساتھ تعاون اور مل کر کام کرنا انتہائی ضروری ہے کیونکہ یہ ایس ایم ایز ہی ہیں جو عالمی معیشت کا 70 فیصد احاطہ کرتے ہیں، روزگار پیدا کرتے ہیں اور حکومتوں کے مسائل حل کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ یورپی یونین کی مالی اعانت سے آئی ٹی سی نے نمو برائے دیہی ترقی اور پائیدار پروگرام (جی آر اے ایس پی) کو سندھ اور بلوچستان میں مویشیوں، ڈیری اور باغبانی سے وابستہ ایس ایم ایز کو مضبوط بنانے کے لیے ڈیزائن کیا ہے تاکہ فنانسنگ، ایچ آر، ماحولیات، کوالٹی، پیکیجنگ اورو تمام تر بنیادی چیزیں جو ایس ایم ایز کو درکار ہیںان کی فراہمی پر توجہ دی جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری( کے سی سی آئی ) میں منعقدہ جی آر اے ایس پی ۔کے سی سی آئی انگیجمنٹ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر کے سی سی آئی ایم شارق وہرہ، سینئر نائب صدر ثاقب گڈ لک، پروجیکٹ کوآرڈینٹر جی آراے ایس پی۔ آئی ٹی سی اظہر علی چوہدری،پروجیکٹ لیڈ جی آر اے ایس پی – آئی ٹی سی شبنم بلوچ اور کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین نے بھی ورکشاپ میں شرکت کی۔آئی ٹی سی کے چیف نے کہا کہ جی آر اے ایس پی اس بات پرتوجہ دیتی ہے کہ مارکیٹ میںخریدار اور صارفین کیا چاہتے ہیں اس کے بعد یہ پروڈیوسرزاور ایس ایم ای کو مہارت کی ٹیکنالوجی اور ضروری خدمات سے آراستہ کرتا ہے۔ جی آر اے ایس پی پروڈیوسرز کو ہدف کے مطابق خدمات فراہم کرتا ہے جس میںمارکیٹ کی معلومات، کریڈٹ تک رسائی اور تربیت شامل ہے۔اس کے علاوہ کموڈیٹیز کو ویلیو ایڈیڈ بنانا اور سپلائی چین کو مؤثر بنانے کے لیے کمپنیوں کی بہتر ٹیکنالوجی سے مستفید ہونے کے حوالے سے بھی معاونت کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سی کا کام دنیا بھر میں ا سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے اور ہر سال آئی ٹی سی دنیا بھر میں تقریباً 25ہزارسے 30ہزار چھوٹی کمپنیوں کے ساتھ کام کرتا ہے۔