اپوزیشن کیخلاف تفتیش سے حکومت کا تعلق نہیں‘ گورنر پنجاب

102

لاہور (نمائندہ جسارت) گورنر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے خلاف ایف آئی اے اور نیب کے معاملات سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں۔ احتساب کے تمام ادارے مکمل آزادی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ پاکستان کو پہلی بار وزیر اعظم عمران خان جیسا مخلص اور ایماندار لیڈر ملا ہے ۔آج سیاسی مخالفین کے سواہر کوئی پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام کا اعتراف کر رہا ہے ۔وہ منگل کے روز میڈیا اور گور نر ہائوس میں تحر یک انصاف کے مر کزی رکن ندیم افضل چن سمیت دیگر سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔میڈیا سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا کہ اپوزیشن کے خلاف جتنے بھی مقدمات ہیں وہ ماضی میں بنے ہیں اور حکومت کا ان مقدمات سے کوئی لینا دینا نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی مضبوطی اور استحکام کے لیے کرپشن کو جڑوں سے ختم کر نا ہوگا۔