اختلافات اپنی جگہ، ترکی کی ایک اچھائی کا اعتراف کرنا پڑے گا، جرمنی

438

جرمن وزیر خارجہ ہیکو ماس نے یورپی یونین سے ترکی کے ساتھ اپنے مہاجرین معاہدے کو اپ ڈیٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

جرمن اخبار ڈائی ویلٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے ہیکو ماس کا کہنا تھا تھا کہ ہمیں ترکی کے ساتھ اپنے مہاجرین معاہدے کو اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کو مزید جدید بنایا جائے۔

ماس نے کہا ، “ہمیں ترک حکومت کے ساتھ جو بھی مسائل درپیش ہیں لیکن ہمیں یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ ترکی نے ہمارے لئے شامی تارکین وطن کا ناقابل برداشت بوجھ اٹھایا ہے۔ ایک نئے معاہدے کے تحت یورپی یونین پر بھی مزید ذمہ داری عائد ہونی چاہیے کہ وہ تارکین وطن کی امداد کیلئے ترکی کو مزید مالی اعانت فراہم کرے۔

واضح رہے کہ 2016 میں یورپی یونین اور ترکی کے درمیان شام اور دیگر خانہ جنگی سے متاثرہ خطوں سے آئے مہاجرین کے حوالے سے ایک معاہدہ طے ہوا تھا جس کے تحت ترکی مہاجرین کو یورپی یونین کی سرحد میں داخل ہونے نہیں دے گا بلکہ اپنے پاس ہی رکھے گا اور یورپی یونین ترکی کو مالی اعانت فراہم کرے گی۔ تاہم یورپی یونین مالی اعانت فراہم کیے جانے کے وعدے پر پورا نہیں اتری جس پر طیب اردوان نے یورپی بلاک کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ترکی تارکین وطن کی بڑھتی ہوئی تعداد کو سنبھالنے کی جدوجہد کر رہا ہے۔ ترک حکام نے بتایا کہ ترکی 40 لاکھ شام سے آئے تارکین وطن کی میزبانی کر رہا ہے۔ یہ تعداد سن 2016 کی نسبت 20 لاکھ زیادہ ہے۔ خانہ جنگی شروع ہونے سے قبل 2011 میں یہ تعداد صرف 60،000 تھی۔