ٹنڈو آدم :30 ار او پلانٹ بند ،پبلک ہیلتھ کو چلانے کی ہدایت

141

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) ٹنڈو آدم تعلقہ کے 30 آر او پلانٹ بند، پبلک ہیلتھ کو چلانے کی ہدایت، ضلع سانگھڑ کی کاٹن فیکٹریوں میں فلٹر پلانٹ لگانے کے لیے نوٹس جاری کرنے کا حکم، ٹنڈوآدم کی نہروں میں بغیر ٹریٹ منٹ پلانٹ کے گندا پانی چھوڑنے پر تشویش کا اظہار، 50 لاکھ گیلن پانی روزانہ کی بنیاد پر صاف کرنے کی اسکیم کا اعلان۔ ٹنڈو آدم کی مختلف نہروں میں بغیر ٹریٹ منٹ کے ڈرینیج کا گندا پانی چھوڑنے کی عوامی شکایات پر سیکرٹری ماحولیات سندھ حکومت محمد اسلم نے ٹنڈوآدم پہنچ کر ٹنڈوآدم برانچ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سی ایم او ٹنڈوآدم ہمایوں عمران راجپوت ، ایکسیئن پبلک ہیلتھ پیر علی رضا شاہ، مختار کار ٹنڈوآدم عبدالغفار لاکھیر ،سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم مسرور احسن غوری ایڈووکیٹ، ایس ڈی او پبلک ہیلتھ یاسین میمن بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے بغیر ٹریٹ منٹ کے گندا پانی نہروں میں چھوڑنے پر تشویش کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران سے معلومات حاصل کی اس موقع پر صوبائی سیکرٹری محمد اسلم غوری نے 50 لاکھ گیلن گندا پانی روزانہ کی بنیاد پر ٹریٹ منٹ کرنے کے لیے اسکیم دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گندا پانی نہروں میں چھوڑنے کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی کے ساتھ بیماریاں پھیل رہی ہیں اور زراعت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ اس موقع پر محمد اسلم غوری نے ٹنڈوآدم تعلقہ کے 37 میں سے 30 آر او اور فلٹر پلانٹ بند ہونے پر پبلک ہیلتھ کے افسران اور عملے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ان آر او پلانٹس کو فوری طور پر استعمال کے قابل بنایا جائے سیکرٹری ماحولیات نے انجمن تاجران کے صدر اقبال بھٹی ، سابق چیئرمین مسرور احسن غوری ، سینئر صحافی منظور یوسفزئی، کامران عزیز غوری ایڈووکیٹ کی جانب سے کاٹن فیکٹریوں میں فلٹر پلانٹ نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر ماحولیات عرفان عباسی کو ہدایت دی کی ضلع سانگھڑ سمیت سندھ بھر میں تمام کاٹن فیکٹریوں کے مالکان کو فیکٹریوں میں فلٹر پلانٹ لگانے کے نوٹس جاری کیے جائیں بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی جبکہ پرائیویٹ اسپتالوں میں گندگی، غیر معیاری صفائی، ناتجربہ کار عملہ، اسپتال کا کچرا سڑک پر پھینکنے پر مقامی انتظامیہ کو انہیں نوٹس جاری کرنیکی ہدایت دی جبکہ مونسپل آفس ٹنڈوآدم میں مونسپل اور پبلک ہیلتھ کے افسران سے میٹنگ کی اور پریس کلب ٹنڈوآدم میں انکے اعزاز میں دی گئی چائے پارٹی میں شرکت کی۔ اس موقع پر پریس کلب ٹنڈوآدم میں صحافیوں وسیم فاروقی، امداد راہی، منظور احمد یوسفزئی، انجمن تاجران کے اقبال بھٹی ،سوشل ورکر عمران غوری نے بھی خطاب کیا اس موقع پر نوشاد شیخ، حبیب خان ، عبدالقدیر مغل سمیت معززین شہر اور صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی. اس موقع پر سی ایم او ٹنڈوآدم ہمایوں عمران راجپوت ، پریس کلب کے سرپرست اعلیٰ منظور یوسفزئی اور انجمن تاجران ٹنڈوآدم کے صدر محمد اقبال بھٹی کی جانب سے صوبائی سیکرٹری ماحولیات سندھ محمد اسلم غوری کو سندھ کا روایتی تحفہ سندھی ٹوپی اور اجرک پیش کیا گیا۔