سکھر، شہر بھر میں قائم تجاوزات کیخلاف کریک ڈاؤن

220

سکھر (نمائندہ جسارت) شہر کے تجارتی رہائشی علاقوں میں بڑھتے تجاوزات کی بے پناہ شکایتوں پر سکھر میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے شہر بھر میں قائم تجاوزات کیخلاف کریک ڈاؤن، آپریشن کے لیے اینٹی انکروچمنٹ آفیسر سید مظہر زیدی کو آپریشن انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ میونسپل کمشنر محمد علی شیخ کی موجودگی میں ایوب گیٹ پر تجاویزات کیخلاف آپریشن کیا گیا۔ اینٹی انکروچمنٹ آفیسر سید منظر زیدی اپنی ٹیم کے ہمراہ ایوب گیٹ روڈ پر دونوں فٹ پاتھوں سے تمام تجاوزات ختم کرائیں اور تمام سامان ضبط کرلیا۔ انسداد تجازوات کے انچارج نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے عوام کو سہولت دینے اور روڈوں کو کشادہ کرنے کے سلسلے میں یہ آپریشن شروع کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ مسلسل جاری رہے گا۔ میونسپل کمشنر نے تجاوزات قائم کرنے والوں سے کہا ہے کہ وہ قائم کردہ تجاوزات خود ختم اور اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کے ساتھ تعاون کریں۔