ٹنڈوالہٰیار، بااثر شخص کے زرعی فارم پر کارروائی، 32 افراد بازیاب

163

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) عدالتی حکم پر مشائخ ہوتی پولیس کی بااثر شخص کے زرعی فارم پر کارروائی، 32 افراد کو بازیاب کر اکر عدالت میں پیش کردیا گیا۔ گوٹھ عبدالصمد ساند کے رہائشی رمیش کولہی نے ٹنڈوالہٰیار کی عدالت میں درخواست کی کہ اس کی فیملی کے 32 افراد کو بااثر شخص نے اپنے زرعی فارم پر حراست میں رکھا ہوا ہے جنہیں بازیاب کرایا جائے تاکہ وہ آزادی کے ساتھ رہ سکیں۔ درخواست پر عدالت نے ایس ایچ او مشائخ ہوتی کو حکم دیا کہ مذکورہ بااثر زمیندار کے زرعی فارم پر کارروائی کر کے مذکو رہ فیملی کے افراد کو بازیاب کراکر عدالت میں پیش کیا جائے جس پر ایس ایچ او مشائخ ہوتی نے مذکورہ عدالت کے حکم پر بااثر زمیندار جاوید ساند اور ذوالفقار ساند کے زرعی فارم پر کارروائی کرتے ہوئے حراست میں لیے گے 32 افراد کو بازیاب کرا کر مذکورہ عدالت میں پیش کردیا۔ بازیاب ہونے والے والوں میں 12 بچے، 10 عورتیں اور 10 مرد شامل تھے، بازیاب ہونے والے افراد نے کہا کہ ہمارے زمیندار نے ہمیں حبس بے جا میں رکھا ہوا تھا، ہماری جانب سے محنت مزدوری کا حساب مانگا تو انہوں نے ہم پر ظلم کرنا شروع کردیا، جس پر ہمارے خاندان کے ایک فرد نے مقامی عدالت میں درخواست دے کر زمیندار کے مظالم سے نجات دلائی ہے، ہم عدالت کے مشکور ہیں جن کے حکم پر ہمیں آزادی ملی۔