افغانستان میں امن صرف پاکستان کی ذمہ داری نہیں ،شاہ محمود

328
انطالیہ: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کویتی ہم منصب شیخ احمد نصیر محمد الصباح سے ملاقات کررہے ہیں

انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد خطے میں قیام امن کی تمام تر ذمے داری کا بوجھ اکیلے پاکستان کے کندھوں پر نہیں ڈالا جاسکتا۔ترک میڈیا کو انٹرویو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کی صورتحال پیچیدہ ہے اور اس وقت افغانستان کے اندر طاقت کے حصول کے لیے رسہ کشی جاری ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد خطے میں قیام امن کی تمام تر ذمے داری کا بوجھ اکیلے پاکستان پر نہیں ڈالا جا سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں امن کے لیے دیگر عالمی طاقتوں کا کردار بھی شامل ہے، افغانستان اور خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان ایک شراکت دار ہے اور تمام شراکت داروں کو باہمی تعاون سے ملکر یہ ذمے داری نبھانا ہو گی۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر جیسے ایشو جنوبی ایشیا میں معاشی ترقی اور استحکام کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں، بین الاقوامی برادری کو اس طرف بھی فوری توجہ دینی چاہیے۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ’’انطالیہ سفارتی فورم‘‘ کے موقع پر افغان ہم منصب محمد حنیف آقمر ،ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف ،ملائیشین ہم منصب حشام الدین حسین ،کویتیہم منصب شیخ ڈاکٹر احمد ناصر المحمد الصباح سے ملاقاتیں کی ہیں ۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات مسئلہ کشمیر اور افغان امن عمل سمیت دو طرفہ تعلقات ،اقتصادی، تجارتی ،دفاعی، تعلیمی، ٹیکنالوجی کے تبادلے سمیت کثیرالجہتی شعبہ جات میں اسٹرٹیجک شراکت داری سے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔