میرپور خاص ،بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ آلات خراب ہونے لگے

121

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) حسیکو انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے صارفین کے بجلی کے آلات خراب ہونا شروع ہو گئے ، وولٹیج میں اپ ڈائون سے قیمتی آلات مسلسل خراب ہوگئے ، ناقص مٹیریل سے بنائے جانے والے بجلی کے ٹرانسفارمر لگائے جانے کے چند لمحے بعد ہی دوبارہ دھماکے سے پھٹ جاتے ہیں شدید گرمی میں عوام حیسکو کے ہاتھوں سے پریشان حسیکو چیف سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق شدید گرمی کے موسم میں حیسکو میرپورخاص نے میرپورخاص کی عوام کا جینا دو بھر کر رکھا ہے سروے کے دوران معلوم ہوا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میںبجلی کے ٹرانسفارمر خراب ہونے کے بعد عملہ اتار کر لے جاتا ہے اور کئی دنوں کے بعد اسے جیسے ہی دوبارہ لگایا جاتا ہے تو یہ بجلی کے ٹرانسفارمر زور دار دھماکے سے دوبارہ پھٹ جاتے ہیں جس کی وجہ سے علاقہ ایک بار پھر سے تاریکی میں ڈوب جاتا ہے اور صارفین اذیت میں مبتلا ہوجاتے ہیں ۔بجلی کے صارفین محمد حسین مولوی ،الیاس سجاد اور دیگر کا کہنا ہے کہ حیسکو انتظامیہ ٹرانسفارمر میں انتہائی ناقص مٹیریل کا استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے یہ ٹرانسفارمر لگانے کے ساتھ ہی دوبارہ خراب ہوجاتے ہیں جبکہ شہر کے سو فیصد علاقوں میں بجلی کے وولٹیج انتہائی کم فراہم کیے جارہے ہیں 240کے بجائے 80سے لیکر 120وولٹیج فراہم کیے جارہے ہیں اور کئی بار یہ وولٹیج 300اور 340تک بھی پہنچ جاتے ہیں جس سے صارفین کے قیمتی آلات مسلسل خراب اور ضائع ہورہے ہیں جس کی شکایت کئی بار حیسکو افسران کے متعلقہ دفاتر میں دی گئی ہے مگر کوئی شنوائی نہیں ہوتی ہے جس سے صارفین بجلی انہتائی اذیت میں زندگی گزار رہے ہیں ۔میرپورخاص کے عوام نے وفاقی وزیر بجلی اور حیسکو چیف حیدرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کا فوری نوٹس لے کر بجلی صارفین کو پریشانی سے نجات دلائی جائے۔