‘غریب ممالک کیلیے قرضوں کی ادائیگی مؤخر کی جائے’

295

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹیرس نے ایک بار پھر امیر ممالک اور مالیاتی اداروں سے غریب ممالک کے قرضوں کی ادائیگی مؤخر کرنے کی اپیل کر دی۔

یو این سیکرٹری جنرل نے اپیل کی ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے اور امیر ممالک  ترقی پذیر اور غریب ممالک کیلئے قرضوں کی ادائیگی موخر کریں۔

انہوں نے کہا کہ واجب الادا قرضوں کو 2022 تک موخر کیا جائے،  کورونا نے ترقی پزیر اور غریب ممالک کو بری طرح متاثر کیا ہے کورونا سے نمٹنے کیلئے قرضوں کی ادائیگی موخر کرنا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے انتظامی بورڈ نے کوروناوائرس کی وباء سے نمٹنے کی کوششوں کے سلسلے میں دنیاء کے 25 غریب ممالک کیلئے قرضوں کی ادائیگی میں سہولیات فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔

آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالیناجوارگیوا نے بیان میں کہا کہ دنیاء کے 25 ممالک کیلئے قرضوں کی ادائیگی میں سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ یہ ممالک اپنے محدود وسائل کو کوروناوائرس کی وباء سے نمٹنے کی کوششوں کیلئے استعمال میں لاسکے۔آئی ایم ایف نے جن ممالک کیلئے قرضوں کی ادائیگی میں سہولت فراہم کی ہے ان میں سے بیشترافریقی ممالک ہیں تاہم اس فہرست میں افغانستان،یمن، نیپال اورہیٹی بھی شامل ہیں۔