آزاد کشمیر انتخابات میں کسی پارٹی سے اتحاد نہیں ہوگا‘ انجینئر افتخار

182

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما آنسہ قندیل نے پی ٹی آئی کے رہنما¶ں کے اعزاز میں عشائیہ دیا، جس میں ترجمان حکومت پنجاب انجینئر افتخار چودھری اور صدر آزاد کشمیر ویمن ونگ تقدیس گیلانی، سجاد چودھری و دیگر بھی شریک تھے۔ انجینئر افتخار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن میں پی ٹی آئی واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ ٹکٹوں کے معاملے پر لوگوں کی رائے مختلف ہو سکتی ہے لیکن جب ایک بار ٹکٹ جاری ہو جائے تو کارکن صرف نشان کو دیکھیں۔ پارٹی کا مسلم کانفرنس سمیت کسی پارٹی سے اتحاد نہیں ہو گا۔ البتہ کشمیر کاز کے لیے دونوں پارٹیاں ایک جیسی سوچ رکھتی ہیں اور اس سلسلے میں تعاون کریں گی۔ صدر خواتین ونگ تقدیس گیلانی نے کہا خواتین ونگ جدوجہد میں شریک ہے۔ آزاد کشمیر کی خواتین باشعور ہیں اور وہ مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں ۔ میزبان تقریب معروف سیاسی رہنما آنسہ قندیل نے کہا کہ ان شاءاللہ آنے والے انتحابات میں کوئی دھڑے بندی نہیں ہو گی صرف اور صرف ٹکٹ ہولڈر کی بھرپور مہم چلائیں گے۔