جیکب آباد، سرکاری اسکولوں میں پنکھوں کا فقدان

117

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں محکمہ ایجوکیشن ورکس الیکٹریکل غیر فعال، سرکاری اسکولوں میں پنکھوں کا فقدان، تدریسی عملہ اور طلبہ پریشانی میں مبتلا، شدید گرمی اور پنکھے نہ ہونے سے طلبہ اور اساتذہ کی حالت غیر ہونے کی شکایات معمول بن گئیں۔ جیکب آباد میں محکمہ ایجوکیشن ورکس کے الیکٹریکل شعبے کی غیر فعال ہونے کی وجہ سے ضلع کے متعدد سرکاری اسکولوں میں بجلی کا کام التوا کا شکار ہوگیا ہے۔ گرلز ہائی اور پرائمری اسکولز، الن خان جمالی ہائی اسکول، علی شیر آفریدی پرائمری اسکول سمیت متعدد اسکول کا تدریسی عملہ کلاس رومز میں پنکھے نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔ سرکاری اسکولوں میں شدید گرمی اور پنکھے نہ ہونے کی وجہ سے تدریسی عملہ اور طلبہ کی حالت غیر ہونے کی شکایات اب معمول بنتی جارہی ہیں لیکن اس کے باوجود متعلقہ افسران کو ذمے داری کا احساس تک نہیں ہوا ہے۔ شہر کے متعدد سرکاری اسکولوں کے اساتذہ نے شکایات کی ہیں کہ متعدد بار افسران کو پنکھوں کے فقدان کی شکایات کی ہیں لیکن کوئی توجہ نہیں دی گئی، جس کی وجہ سے اسکول میں اساتذہ سمیت عملے کی طبیعت اکثر خراب ہوجاتی ہے۔ چیف انجینئر ایجوکشن ورکس سکھر ریجن اسکا نوٹس لیں۔ دوسری جانب معلوم ہوا ہے کہ ایکسیئن ایجوکیشن ورکس الیکٹریکل لاڑکانہ کے ٹھیکیدار سے قریب ہے، اس لیے شکایات پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی اور فنڈز کرپشن کی نذر ہورہے ہیں۔