امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ، 14 افراد زخمی

331

واشنگٹن: امریکی ریاست ٹیکساس میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 14 افراد زخمی ہوگئے جبکہ زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے اور 12 کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے مصروف شہر آسٹن میں 2 مسلح افراد نے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں آس پاس موجود 14 افراد زخمی ہوگئے۔

آسٹن کے محکمہ پولیس کے عبوری چیف جوزیف چیکون نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ صبح 1 بج کر 30 منٹ پر ریاست کے دارالحکومت کے مصروف علاقے سکستھ اسٹریٹ ایریا میں فائرنگ کا یہ واقعہ پیش آیا ہے۔

پولیس چیف کے مطابق یہ بظاہر دو فریقین کے درمیان کا آپس کا معاملہ لگتا ہے جبکہ واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد عام شہری تھے جن کو فوری اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

جوزیف چیکون نے بتایا ہے کہ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دیگر 12 کی حالت تسلی بخش ہےاور واقعہ میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے ، تاہم علاقے کو بند کرکے تلاشی شروع کردی گئی ہے۔

آسٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ملزموں میں سے ایک کو ٹاسک فورس کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا جبکہ دوسرے کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔