پی ایس ,70 کے ضمنی انتخابات کیلیے انتظامات مکمل کرلیے ہیں ،عباس بلوچ

206

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ پی ایس 70 ماتلی پر 20 مئی کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک دن کے دورے پر بدین پہنچے انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس بدین کے کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت بھی کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز خان، تھر رینجرز ونگ کمانڈر 32 ونگ کرنل راجا شاہد ایس ایس پی بدین شبیر احمد سیٹھار، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر علی اصغر سیال، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اور ریجنل الیکشن کمشنر حیدرآباد سائین بخش چنڑ، ڈسٹڑکٹ الیکشن کمشنر بدین اظہر حسین ٹانوری، اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر محمد حسین نوتکانی، اسسٹنٹ کمشنر بدین یونس رند، اسسٹنٹ کمشنر ماتلی زارا زاہد سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ صاف شفاف اور فول پروف الیکشن کرانا ہم سب کی ذمے داری ہے ہر محکمہ اپنی ذمے داری کو بہتر طریقے سے نبھائے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں کووڈ ایس او پیز پر ضرور عمل کیا جائے ہر پولنگ اسٹیشن پر ماسک اور سینیٹائزر کی سہولت مہیا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پولنگ اسٹیشنز پر بجلی اور پینے کے پانی کی سہولیات مکمل ہونی چاہیے خاص طور پر خواتین کی پولنگ اسٹیشنز پر پانی اور واش روم بہت ضروری ہے۔ انہوں نے رینجر اور پولیس کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ناگوار صورتحال سے نپٹنے کے لیے پہلے سے انتظامات مکمل کیے جائیں۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر علی اصغر سیال نے کہا کہ پی ایس 70 کے ضمنی انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے گئے ہیں 123 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں ان میں سے 12 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس جبکہ 40 پولنگ اسٹیشنز حسا س قرار دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بوائز ڈگری کالج ماتلی میں کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بدین آغاشاہنواز خان نے کہا کہ انتخابات کے لیے تمام سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ ایس ایس پی شبیر احمد سیٹھار نے کہا کہ رینجرز کے 395 جوانوں کے ساتھ 1 ہزار 6 سو 71 پولیس کے نوجوان اور 2 سو خواتین پولیس اہلکار بھی اپنے فرائض سرانجام دیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے ڈی ایس پی پولیس ماتلی میں کنٹرول روم قائم گیا ہے اور اس کا رابطہ نمبر 0297840233 ہے جبکہ کنٹرول روم کے فوکل پرسن سب انسپکٹر مقبول کو مقرر کیا گیا ہے جس کا موبائل نمبر 03463913005 ہے آخر میں ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ کی جانب سے ڈی سی آفس میں قائم کیے گئے کووڈ کنٹرول روم کا دورہ کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز خان نے کورونا ایس او پیز اور ویکسین کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ کورونا ویسکین کے عمل کو مزید تیز کرنے کے لیے علما اکرام کو بھی کہا جائے کہ وہ بھی مساجد میں لائوڈ اسپیکر پر اعلان کریں لوگوں کو کورونا ویکسین کے متعلق آگاہی دیں۔