بھارت میں کورونا مائی کی پوجا افسوسناک ہے،پروفیسر محمد سلفی

131

کراچی( پ ر ) نائب امیر جماعت غرباء اہلحدیث پاکستان و مدیر جامعہ ستاریہ الا سلامیہ مولانا حافظ پروفیسر محمد سلفی نے کہا ہے کہ ہندو پنڈتوں نے بھارتی خواتین کو کورونا مائی کی 21روز تک پوجا کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ جو خواتین یہ عمل کریں گی وہ اس وبا سے محفوظ ہو جائیں گی ۔ کورونا مائی نہیں بلکہ ارض و سماں کا خالق و مالک ہی ہم سے وبائوں کو دور کر سکتا ہے ۔ ہمیں صرف حاکم اعلیٰ کے حضور ہی جھکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا توہم پرستی کے دلدادہ ہندو مت مذہب کے پجاریوں نے کورونا مائی کی پوجا شروع کر کے اس جہان کے مالک ارض و سماں کو ناراض کر دیا ہے۔ مولانا سلفی نے کہا کائنات کے امام اور رہبر کامل محمد ﷺ نے وبائوں سے بچنے کیلیے اور ان سے مستقل بنیادوں پر چھٹکارا حاصل کرنے کیلیے قرآن و حدیث سے ثابت مسنون دعائیں پڑھنا بتائی ہیں جن کے ہر روزصدق دل سے پڑھنے سے صرف کورونا نہیں بلکہ بے شمار موذی وبائیں ہوا میں معلق ہوجاتی ہیں اور مخلوق خدا سے کوسوں دور چلی جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صرف رجوع الی اﷲ اور رب تعالیٰ کے مسنون ذکرو اذکار کا ہر دم ورد کرنے سے کائنات کے تمام خواتین و حضرات ہر قسم کی وبائوں سے محفوظ ہو سکتے ہیں ۔ جبکہ اپنے گھروں سے نکل کر مساجد میں پناہ لینے والے خواتین و حضرات بھی ہر قسم کی وبا سے بچ سکتے ہیں۔