محکمہ خوراک گندم خریداری کا ہدف پورا کرے ، ڈی سی لاڑکانہ

266

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) کمشنر لاڑکانہ ڈویزن شفیق احمد مہیسر نے محکمہ خوراک کے افسران کو سختی سے ہدرایت کی ہے کہ وہ گندم کی خریداری کا ٹارگٹ ہر صورت میں مکمل کریں بصورت دیگر سخت قانونی کاروائی کی جائے گی، اپنے دفتر میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ محکمہ خوراک کے افسران اور اسسٹنٹ کمشنر آبادگاروں سے رابطہ کرکے گندم کی خریداری کا ٹارگٹ مکمل کریں جس کے لیے تمام ضلعی ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا تعاون درکار ہے، انہوں نے کہا کہ آبادگاروں کو باردانے کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ آبادگاروں لیے گئے باردانے کو گندم سمیت واپس کرسکیں، آبادگاروں کے جو بھی شکایات ہیں افسران انہیں حل کرکے 15 روز میں ٹارگٹ پورا کریں، ڈپٹی کمشنر شکارپور اور جیکب آباد نے ویڈیو لنک کے ذریعے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس 76 فیصد باردانہ چلا گیا ہے اور زیادہ سے زیادہ کوشش ہے کہ 10 روز کے اندر گندم کی خریداری کا ٹارگٹ پورا کیا جائے، اس وقت 64 ہزار بوریاں ابھی تک موصول نہیں ہوئے، ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ نے بتایا کہ لاڑکانہ ڈویزن اہم ہے جہاں سے گندم کی خریداری کے ٹارگٹ کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں گے، ہمارا ٹارگٹ 74 فیصد ہے لیکن امید ہے کہ ہم 90 فیصد تک ٹارگٹ مکمل کریں گے۔