مسئلہ فلسطین پر وزیراعظم اور وزیرخارجہ کو بین الاقوامی دورہ کرنا چاہئے ،ملی یکجہتی کونسل

161

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر و سابق ایم این اے اسد اللہ بھٹو نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر بین الاقوامی دورہ کرکے اسرائیل کی غزہ پر بمباری و درندگی کی صورتحال پرعالمی ضمیرکوجگایا جائے۔ غزہ پر اسرائیل کی بمباری اور دہشت گردی پر دنیا تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔ فلسطین میں اسرائیلی مظالم پر خاموش تماشائی کردار نے مغرب کے دہرے معیار کو بے نقاب کردیا ہے۔ اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے اقوام عالم نوٹس لے اوراسرائیل پرپابندیاں لگائی جائیں۔ امت کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ پاکستان سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں کے دل اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ عملی طورپر لگ رہا ہے کہ فلسطین آزاد اور باقی 57 مسلمان ملک قید ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گھر پر ملاقات و عیادت کے لیے آنے والے و فود سے بات چیت کے دوران کیا۔ اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ امریکا کے صدر سمیت مغربی ممالک کے حکومتی سربراہان نے اسرائیل کی بمباری اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر کوئی بیان دیا اور نہ ہی اس دہشت گردی کو روکنے کے لیے کوئی اقدامات کیے ہیں۔ چند کو چھوڑ کر مسلم حکمرانوں نے بھی مغرب کی تقلید کرتے ہوئے چپ کا روزہ رکھا ہوا ہے اور اسرائیل کی درندگی کو روکنے کے لیے بھی حکومتی سطح پر کوئی سرگرمی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ لیکن فلسطین کے عوام کو سلام پیش کرتے ہیں کہ جو بے سروسامانی میںاتنے بڑے ظلم کے باوجود اسرائیل کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں۔ فلسطین کی مائیں بہنیں اور بچے بے دردی سے شہید کردیے گئے اور شہری علاقوں میں ان کے لیے زمین تنگ کردی گئی ہے۔ حکومت پاکستان نے حکومتی سطح پر کوئی سفارتی اقدامات نہیں کیے جس پر ملک کا ہر شہری اس کی مذمت کرتا ہے۔