شدید گرمی میں حیسکو ماتلی کی ظالمانہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ

143

ماتلی (نمائندہ جسارت) شدید گرم موسم میں حیسکو ماتلی کی ظالمانہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے روزہ دار بلبلا اٹھے گرمی کے ستائے ہوئے لوگوں کی حیسکو ذمہ داران کو بددعائیں، ماتلی اور قرب و جوار میں رمضان کے مقدس مہینے میں کافی روز سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے مگر جب سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے تب سے لوڈشیڈنگ کے دورانئے میں بھی اضافہ ہوگیا ہے روزانہ 12 گھنٹے سے زائد بجلی بند رہتی ہے۔ خصوصً عین دوپہر میں بجلی بند کردی جاتی ہے، جس سے روزہ دار گرمی میں سخت اذیت برداشت کرتے ہیں اور رات کو بھی تراویح کے دوران بجلی بند کردی جاتی ہے جو کہ آدھی رات کو بحال ہوتی ہے حیسکو کی اس ظالمانہ روش پر شہریوں میں غصہ پایا جاتا ہے۔ شہری حلقوں اور حیسکو کے بعض اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ حیسکو کے کرپٹ عناصر خود اپنی سر پرستی میں بجلی چوری کروا کر اپنی جیبیں بھرتے ہیں اور لائن لاسز کا ملبہ لوڈشیڈنگ کی صورت میں شہریوں کے کندھوں پر ڈال دیا جاتا ہے۔ متاثرہ شہریوں نے وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزیر توانائی، چیئرمین واپڈا اور حیسکو چیف سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ حیسکو کے ظلم اور زیادتی کا فوری خاتمہ کیا جائے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ذمے داران کا تعین کرکے انکا سختی سے محاسبہ کیا جائے۔