جامشورو :سندھ یونائیٹڈ پارٹی کا سندھ کی زمینوں پر قبضے کیخلاف احتجاج

112

جامشورو (نمائندہ جسارت) بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کی جانب سے سندھ کے علاقوں پر قبضے کیخلاف احتجاجی مظاہر وں کا سلسلہ جاری۔ سندھ حکومت اور ملک ریاض کیخلاف سخت نعرے بازی، بحریہ ٹاؤن کے غنڈوں کی جانب سے علاقہ مکینوں کو زخمی کرنے پر شدید کشیدگی، عدالت عظمیٰ اپنے احکامات پر عملدرآمد کرائے۔ سندھ میں سندھیوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے پر پورے سندھ میں احتجا ج کا عندیہ۔ جامشورو میں سندھ یونائٹیڈ پارٹی اور دیگر سیاسی، سماجی تنظیموں کی جانب سے بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کی جانب سے سندھ دشمن منصوبوں اور سندھ کے گوٹھوں پر قبضے کیخلاف سندھ کے مختلف شہروں کے علاوہ جامشورو میں SUP کے رہنماؤں پیر بخش سہارن، محمد قمبرانی، ساگر جمن بھٹی، آصف بھلائی، محسن بھلائی، گھنور چانڈیو، قادر بخش بھلائی، کلیم اللہ کابورو، اسماعیل چانڈیو، رئیس نیاز چانڈیو، امیر بخش بلیدی، منیر چانڈیو، (ف) لیگ رہنما عطا محمد جتوئی، تاجر رہنما مرتضیٰ نائچ، شہری ایکشن کمیٹی رہنما آزاد سنجرانی اور دیگر کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالنے کے بعد ڈسٹرکٹ پریس کلب جامشورو پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہر ے سے خطاب کرتے ہو ئے رہنماؤں نے کہا کہ سندھ حکومت اور ملک ریاض ایک سکیِ کے دو رُخ ہیں۔ گبول گوٹھ اور جوکھیو گوٹھ پر پولیس اور بحریہ ٹاؤن کے غنڈوں نے برسہا برس سے آباد گوٹھوں پر قبضے کرکے سندھیوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی ناپاک سازش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہتے علاقہ مکینوں پر فائرنگ کرکے شدید زخمی کرنے میں سندھ حکومت برابر کی ملوث ہے۔ اس موقع پر مظاہرین نے سندھ حکومت اور ملک ریاض کیخلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے احکامات پر عملدرآمد کرائے۔ پولیس اور بحریہ ٹاؤن کے غنڈوں کی جانب سے علاقہ مکینوں کو زخمی کرنے کا نوٹس لے۔ اس موقع پر رہنماؤں نے سندھیوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے پر سخت مذمت اور سندھ بھر میں احتجا ج کا عندیہ دیا۔