این اے 249: ووٹوں کی گنتی کا دوسرا روز، 85 اسٹیشنز کی گنتی مکمل

395

کراچی (نمائندہ جسارت) کراچی کے حلقے این اے 249 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل جمعے کو دوسرے روز بھی جاری رہا، دوسرے دن تک 85 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی مکمل کرلی گئی۔ گزشتہ روز 60 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی، 30 میں سے 16 امیدوار دوبارہ گنتی کے عمل میں شریک ہوئے۔ن لیگ، پی ایس پی اور تحریک انصاف نے گنتی کے عمل کا بائیکاٹ کیا، ایم کیو ایم اور 2 آزاد امیدواروں نے بھی گنتی کے عمل کا بائیکاٹ کیا تھا۔ سیاسی جماعتوں کے بائیکاٹ کے باوجود گنتی کا عمل بلا تعطل جاری رہا، پہلے دن 60 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا۔ الیکشن کمیشن حکام کے مطابق گزشتہ روز مجموعی طور پر 649 ووٹ مسترد کر دیے گئے، پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل کے 134 ووٹ مسترد ہوئے، مسلم لیگ(ن) کے مفتاح اسماعیل کے 194 ووٹ، کالعدم ٹی ایل پی کے 44 ووٹ، پی ایس پی کے مصطفی کمال کے 29 ووٹ مسترد ہوئے، ایم کیو ایم کے حافظ مرسلین کے 108 جبکہ آزاد امیدوار احمد کے 140 ووٹ مسترد قرار دیے گئے۔ پی ٹی آئی کے امجد اقبال آفریدی کو 34 ووٹ اضافی مل گئے۔