جیکب آباد،بلدیہ کی نا اہلی ،شہری پانی کے کنکشن کے حصول کیلیے پریشان

185

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد کے شہری پانی کے کنکشن کے حصول کے لیے پریشان، بلدیہ حکام ٹال مٹول کرنے لگے، شہری سخت پریشان۔ جیکب آباد میں یو ایس ایڈ کی امداد سے بنائے گئے فراہمی آب کا منصوبہ بلدیہ کے حوالے کردیا گیا، کئی شہریوں کو پانی کے کنکشن نہ ملنے کی شکایات ہیں شہر کے متعدد علاقوں کے مکین پینے کے پانی کے کنکشن سے محروم ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ پانی منصوبہ اب ایم ایس ڈی پی کی جانب سے بلدیہ کے حوالے کیا گیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اب کنکشن دینے کی ذمے داری بلدیہ کی ہے لیکن بلدیہ آفس کے چکر لگا کر تھک گئے ہیں، حکام ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں، جس کے باعث سخت پریشان ہیں۔ کئی لوگوں نے تو چالان بھی جمع کرایا جس کو بھی کئی روز ہوچکے لیکن انہیں تاحال کنکشن نہیں دیا گیا۔ بلدیہ کے کلرک اسحاق گھنیو کا کہنا ہے کہ پانی منصوبہ بلدیہ کے حوالے کیا گیا ہے، اس حوالے سے گیارہ سے زائد کلرکس کو فراہمی آب کے شعبے میں مقرر کیا گیا ہے لیکن تاحال کنکشن کے معاملات سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ کنکشن فیس دو ہزار مقرر کی گئی ہے، روڈ کراسنگ کے 1400 روپے ہیں، پانی کے تین زون فی الحال چل رہے ہیں۔ کنکشن دینے کا کیا طریقہ کار ہے، وہ طے نہیں ہوا۔ دوسری جانب معلوم ہوا ہے کہ واٹر سپلائی انچارج پیسوں کے عوض من پسند افراد کو پانی کے کنکشن دے رہا ہے۔