میرپورخاص،سب رجسٹرار آفس میں جعل سازی کے نئے ریکارڈ قائم

212

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) سب رجسٹرار آفس میں جعل سازی کے نئے ریکارڈ قائم، سب رجسٹرار نے بھاری رشوت کے عوض وفاقی حکومت کی کروڑوں روپے مالیت کی زمین جعل سازی کے ذریعے الاٹ کردی، سب رجسٹرار آفس میرپورخاص میں سیل لیٹر اور کھاتوں میں جعل سازی اور کرپشن کی ایف آئی اے اور نیب نے تحقیقات شروع کردی، پی ٹی آئی رہنماء کی نشاندہی کے باوجود کارروائی نہ ہونے پر ایک شہری نے سب رجسٹرار آفس میں جعل سازی اور کرپشن سے متعلق درخواست تحقیقاتی اداروں اور دیگر حکام کو دے دی۔ گزشتہ ماہ پی ٹی آئی کے رہنماء حلیم عادل شیخ نے میرپورخاص میں ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالات پر انکشاف کیا تھا کہ سب رجسٹرار آفس میرپورخاص کے سب رجسٹرار عابد مری رشوت لے کر لوگوں کی املاک کے کھاتوں میں جعل سازی کر کے دوسرے لوگوں کو الاٹ کررہے ہیں جبکہ وفاقی حکومت کی سرکاری زمینیں اور املاک کا جعلی ریکارڈ بنا کر رجسٹری کی ہے جس کی اعلیٰ حکام سے انکوائری اور جعل سازی میں ملوث سب رجسٹرار عابد مری کیخلاف کارروائی کی جائے۔ اس حوالے سے میرپورخاص میں کوئی کارروائی نہ ہونے پر ایک شہری سابق یوسی ناظم ملک لیاقت نے میرپورخاص سب رجسٹرار عابد مری کی جعلسازیوں، لوگوں کی املاک کے سیل لیٹروں میں رد وبدل کر کے دوسرے لوگوں کے نام پر کرنے اور کرپشن سے متعلق ایک تحریری درخواست مع ثبوتوں کے نیب اسلام آباد، ایف آئی اے، اینٹی کرپشن اور چیف سیکرٹری سندھ کو بھیجی ہے۔ درخواست میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سب رجسٹرار آفس میرپورخاص میں کافی عرصے سے عابد علی مری کی جعلسازی اور کرپشن کیخلاف بار بار شکایت کرنے کے باوجود یہ سلسلہ رک نہ سکا، حال ہی میں ایک اور جعلسازی کر کے سرکاری زمین (اویکو لینڈ) جوکہ پاکستان بننے سے پہلے یہاں رہنے والے دیال داس ولد مگھا مل کے نام پر تھی، اب یہ قیمتی سرکاری زمین کسی اور کے نام جعلسازی کر کے رجسٹری کردی گئی۔ عابد مری کی جعلسازی اور کرپشن سے متعلق میڈیا میں رپورٹ شائع ہوچکی ہیں اس کے باوجود سب رجسٹرار عابد علی مری آج بھی اپنی جگہ پر موجود ہے بغیرکسی خوف کے آج بھی جعلی کام اور رشوت کا بازار گرم کر رکھا ہے آپ کو ایک بار پھرتمام فارجری ریکارڈوں کے دستاویزات اور مختارکار تعلقہ حسین بخش مری کی رپورٹ اور جعلی رجسٹریوں کی کاپیاں، اخبارات کاپیاں اور تمام ڈپارٹمنٹ کو بھیجی گئی اکنالیجمنٹ کی کاپیاں بھی ساتھ منسلک کررہا ہوں، سب رجسٹرار عابد علی مری کے جعلسازی و رشوت خور کیخلاف قانونی کارروائی کے احکامات جاری کرواکر اس کو برطرف کیا جائے۔ تاکہ ہمارے میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے عوام اپنی پراپرٹیاں محفوظ سمجھ سکیں۔ شہری کی درخواست پر نیب اسلام آباد نے کیس انکوائری کے لیے نیب کراچی کے حوالے کردیا ہے، جس نے سب رجسٹرار عابد مری سے متعلق ابتدائی انکوائری شروع کردی ہے اور بہت جلد نیب کی ٹیم کی میرپورخاص میں آمد متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنماء حلیم عادل شیخ کی جانب سے چار الگ الگ خطوط میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اینڈ یوٹیلائزیشن سندھ، چیئرمین اینٹی کرپشن سندھ، چیئرمین محکمہ اویکیو ٹرسٹ پراپرٹی اسلام، چیف سیکرٹری سندھ کو میرپورخاص سب رجسٹرار آفس میں عابد مری کی کرپشن کی انکوائری کے لیے ہدایت کی گئی ہے۔ نیب، ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن کے متحرک ہونے پر سب رجسٹرار آفس میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔