مسلم لیگ ن نے عوامی سماعت کے ذریعے ججز تقرر کا مطالبہ کردیا

101

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن نے اعلیٰ عدلیہ میں عوامی سماعت کے ذریعے ججز تقرر کا مطالبہ کر دیا، ابتدائی مشاورت میں بار کونسلوں اور بار ایسوسی ایشنز کو شامل کرنے کی تجویز بھی دیدی۔ مسلم لیگ کے رہنما رانا ثناء اللہ خان نے گزشتہ روز یہاں اسلام آباد میں اس خبررساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ میں جب بھی کوئی جج کی اسامی خالی ہو تو ابتدائی طور پر ہی متعلقہ چیف جسٹس کو نامزدگیوں سے قبل وکلاء تنظیموں اور دیگر شراکت داروں سے مشاورت کرنی چاہیے۔ اس طرح جوڈیشل کمیشن اور پارلیمانی کمیٹی کا کام مزید آسان ہو گا کیونکہ ابتدائی طور پر ہی وکلاء سے اور اگر ضروری ہو تو عوامی نمائندوں سے مشاورت کی ورکنگ مکمل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ اعلیٰ عدلیہ میں عوامی سماعت کے ذریعے ججز تقرر کے طریقہ کار کو اختیار کیا جائے۔ جج کے عہدے کے لیے جب بھی کسی متعلقہ امیدوار کا انٹرویو ہو تو شہریوں کو بھی پارلیمانی کمیٹی کی سماعت میں آنے کی اجازت دی جائے تاکہ اگر متعلقہ امیدوار کے بارے میں کسی شہری کے پاس کوئی معلومات، تفصیلات موجود ہوں تو وہ کمیٹی پیش کر سکے۔ آئین کے تحت ججز تقرریوں کے لیے عوامی سماعت ہونی چاہیے اور شہریوں کو پارلیمانی کمیٹی میں آنے کا موقع ملنا چاہیے۔