میرپور خاص، مسافر گاڑیوں میں 50 فیصد مسافر بٹھانے کی اجازت

121

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی میرپورخاص نے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے انٹر سٹی (ضلعوں کے درمیان) پبلک ٹرانسپورٹ پر 30 اپریل سے 16 مئی 2021ء تک جو پابندی عائد کی گئی ہے، اس میں تبدیلی کی گئی ہے، جس کے مطابق ایس او پیز کے تحت انٹر سٹی (شہروں کے درمیان) مسافر گاڑیاں چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی ہدایات اور ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے مسافر گاڑیوں میں 50 فیصد مسافر بٹھانے کی اجازت ہوگی۔ آگاہی بینرز آویزاں کرنے، مسافروں کو ماسک پہننے اور سینیٹائزر کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ اس ضمن میں خلاف ورزی کرنے والے گاڑی مالکان کی خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سامان لے جانے والی گاڑیوں پر پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔