اضافی فنڈز سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے خرچ کئے جائیں،شوکت ترین

315

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وزیر خزانہ شوکت ترین نے صوبوں پر زور دیا ہے کہ وہ آٹے کی قیمتوں پر کنٹرول رکھنے کیلیے رعایتی نرخوں پر گندم کی یومیہ فراہمی یقینی بنائیں۔اضافی فنڈز سماجی اور اقتصادی ترقی کے لیے خرچ کیے جائیں۔اسلام آباد میں قیمتوں کے بارے میں نگران قومی کمیٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے متعلقہ صوبائی انتظامیہ اورمتعلقہ محکموں کو عید کے موقع پر صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے روزمرہ ضرورت کی اشیاء کی قیمتوں کی سخت نگرانی اور ان کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیر خزانہ نے تمام فریقین پر عید کی آمد کے پیش نظر ناجائز منافع خوری اور قیمتوں میں اضافے پر نظر رکھنے کے لیے مربوط اور موثر کوششوں پر زور دیا تاکہ رمضان کے آخری ہفتے میں عوام کو سہولت فراہم کی جائے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے اشیا کومحفوظ بنانے کیلیے وئیرہائوسز، کولڈ ا سٹوریج سہولیات اورآبپاشی کے بنیادی ڈھانچہ کے انتظام وانصرام میں بہتری کے ذریعہ زرعی پیداوار میں اضافہ پرمشتمل زرعی پیکج کیلیے مالی معاونت کی فراہمی پرزو ر دیتے ہوئے کہاہے کہ بیرونی فنڈنگ کو معاشرے کے معاشی طورپرکمزوراورمحروم طبقات کے سماجی تحفظ اوران کو ہنرسکھا کر انہیں معاشی طورپربااختیاربنانے کیلیے استعمال میں لایاجائیگا، وزیرخزانہ نے صوبائی حکومت پرزوردیا ہے کہ وہ سخت مالیاتی نظم وضبط کویقینی بنانے اورکوویڈ 19 کی صورتحال کے تناظر میں سماجی اوراقتصادی ترقی کیلیے فنڈز اور وسائل کی  راہمی کو معقول بنانے پرتوجہ مرکوزکرے۔ انہوں نے یہ بات منگل کویہاں وفاقی وزیرعمرایوب خان سے میٹنگ اورخیبرپختونخواوپنجاب کے وزرائے خزانہ سے ملاقاتوں کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کہی ۔ وزیرخزانہ نے کم ترقی یافتہ علاقوں میں پینے کیلیے صاف پانی کی فراہمی، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اوراسی نوعیت کی دیگرشہری خدمات کی فراہمی پرتوجہ مرکوزکرنے کی ہدایت کی۔وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت پائیدارترقی کیلیے اقوام متحدہ کے اہداف اورملک کے عوام کے بہتر اورمحفوظ مستقبل کیلیے سماجی اوراقتصادی ترقی کے عمل کوآگے بڑھانے میں پرعزم ہے۔