رواں سال کورونا کی وبا سے صورتحال تسلی بخش نہیں، عبدالجبار خان

83

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ یوم شہادت حضرت علی پر عزاداران ایس او پیز کا خاص خیال رکھیں تاکہ کورونا وائرس کی موذی وبا سے بچا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ شہر خدا، داماد رسولﷺ حضرت علی کی شہادت کا دن ہر مسلمان کے لیے انتہائی غم کا دن ہوتا ہے لیکن اس سال کورونا کی وبا سے صورتحال تسلی بخش نہیں جس کے لیے عزاداروں کو تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلنے سے روکا جاسکے کیونکہ کورونا وائرس نہ صرف پاکستان بلکہ ملک بھر میں جس تیزی سے پھیل رہا ہے اس نے ہر شخص کی تشویش میں اضافہ کردیا ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے سندھ بھر میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے شہریوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے، اس کے باوجود لوگوں کی ذمے داری ہے کہ وہ بازاروں اور عوامی اجتماع کے مقامات پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ خود بھی محفوط رہ سکیں اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھا جاسکے۔ اسی مقصد کے لیے حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے کاروباری سرگرمیوں کے اوقات بھی محدود کیے گئے ہیں۔ سرکاری دفاتر میں بھی کام کرنے والے ملازمین کو احتیاطی تدابیر کے طور پر گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اب جبکہ عید قریب ہے ایسے میں خواتین بھی بازاروں میں خریداری سے اجتناب کریں اور زیادہ تر گھروں میں محدود رہیں۔