ہڑتال: کراچی میں کاروباری مراکز بند

358

کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پیٹرول پمپ، سی این جی اسٹیشن سمیت تمام کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ بینک اپنے معمول کے مطابق کھولے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ممتاز عالم دین مفتی منیب الرحمن نے گذشتہ روز لاہور واقعے پر ملک گیر پہیہ جام شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا تھا جس پر تمام کاروباری تنظیموں اور انجمنیں نے اپنی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن جانب سے بھی مفتی منیب الرحمان کی ملک گیر پہیہ جام ہرتال کی حمایت کی گئی ہے اور  اس حوالے سے چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت سے درخواست کی گئی ہےکہ کاروبار کے لئے تمام تاجروں کو سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔

دوسری جانب شہر کی تاجر تنظیموں کی جانب سے بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے اورشہر کی تاجر تنظیموں کے زیر انتظام مارکیٹس اور کاروباری مراکز مکمل بند رہیں گے جبکہ سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز نے بھی لاہور واقعے پرآج کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے مرکزی انجمن تاجران تاجر اتحاد نے صوبے بھر میں شٹر ڈاؤن جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ تنظیموں نے آج پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہناہےکہ کوئی شہری اپنی مرضی سے پرامن طریقے سے احتجاج کرنا چاہتا ہے تو نہیں روکیں گے جبکہ سندھ حکومت بھی مذہبی جماعتوں سے موجودہ حالات میں رابطہ میں ہے۔

یاد رہے لاہور واقعے میں تصادم کے دوران جانی نقصان کے خلاف مفتی منیب الرحمٰن نے آج ملک بھر میں پہیہ جام شٹر ڈاؤن ہڑتال کی اپیل دی تھی جس پر تمام سیاسی و کاروباری  جماعتوں نے حمایت کا اعلان کیا تھا۔