ڈگری، جھامن داس کا پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ شہر کا گشت

250

ڈگری (نمائندہ جسارت) ڈگری میں جمعے کے روز مکمل لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کرانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر ڈگری جھامن داس نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ شہر کا گشت کیا اور شہر میں کھلنے والی دکانوں کو بند کروا دیا جبکہ لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے پر دو دکانوں کو سیل کردیا اور جرمانہ بھی عائد کیا۔ علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر ڈگری جھامن داس نے سبزی منڈی اور شاہی بازار کا بھی دورہ کیا۔ سبزیوں اور پھلوں کے علاوہ کھانے پینے کی اشیاء سمیت دیگر اشیاء کی ریٹ لسٹ کو بھی چیک کیا اور دکانداروں کو مقررہ نرخوں پر سبزیاں فروٹ اور کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے کا پابند کیا۔ ایک طرف تو انتظامیہ کی طرف سے لاک ڈاون پر عملدرآمد کرانے کے لیے کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے تو دوسری طرف شہر میں قائم احساس سینٹر اور دیگر پبلک مقامات پر عوام کے ہجوم کے باعث کورونا ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی ہے۔