کراچی میں پابندی کے باوجود آج مارکیٹیں کھل گئیں

376

سندھ حکومت کی جانب کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب پابندی کے باوجود کراچی کے تاجروں نے آج مارکیٹیں کھول دیں۔

محکمہ داخلہ سندھ نے ہفتے اور اتوار کو تمام بازار بندرکھنے کا نوٹی فکیشن جاری کر رکھا ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں چھوٹی اور بڑی مارکیٹیں کھل گئیں۔

کراچی میں صدر، کوآپریٹو،شہاب الدین اور ایمپریس مارکیٹ کھل گئی۔ اس کے علاوہ کھارادار، لی مارکیٹ میں بھی دکانیں کھلی ہیں۔

چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر کا کہنا ہے کہ کراچی کے تمام تجارتی مراکز آج کھلے رہیں گے۔ عید پر خرید و فروخت کے لیے تاجروں نے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔

عتیق میر نے کہا کہ وزارت داخلہ سندھ کی جانب سے بار بار چھٹیوں کے دن تبدیل کرنے سے ابہام پیدا ہو رہا ہے۔ رمضان المبارک میں سخت گرمیوں کے باعث رات کے اوقات میں کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے۔

چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد نے کہا کہ اوقات کار میں کمی سے عوام کے لیے عید کی خریداری میں مشکلات پیدا ہوں گی۔