آبادگاروں کا میرپورخاص میں کولڈ اسٹوریج قائم کرنے کا مطالبہ

381

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) میرپور خاص میں آبادگاروں کے اجلاس میں سبزیوں، پھلوں اور دودھ کے لیے کولڈ اسٹوریج قائم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ میرپور خاص میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف ایگریکلچرل اینڈ لائیو اسٹاک کا ایک اجلاس فقیر نصرت حسین کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں میرپورخاص، تھرپارکر اور عمرکوٹ کے آبادگاروں اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آبادگاروں فقیر نصرت حسین، علی حسن نون، سرور لغاری، عبید تالپور، شاہ بیگ مری اور دیگر نے کہا کہ میرپورخاص ڈویژن میں سبزیاں، پھل اور دودھ بڑی مقدار میں دستیاب ہوتا ہے لیکن اس ڈویژن میں ان اجناس کی دیکھ بھال اور مارکیٹ میں اچھے داموں فروخت کرنے کے لیے کولڈ اسٹوریج نہ ہونے کی وجہ سے آبادگار وہ منافع حاصل نہیں کررہے جو انہیں ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میرپورخاص آموں کا بھی مرکز ہے اور اگر اس سال آموں کی نمائش نہ لگائی گئی تو آبادگار اپنی مدد آپ یہ نمائش لگائیں گے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ نقلی اور جعلی بیچ کے وافر مقدار میں مارکیٹ میں دستیابی کی وجہ سے آباد گار ہر سال لاکھوں روپے کا نقصان اٹھاتے ہیں لیکن حکومتی ادارے نقلی بیچ تیار کرنے اور فروخت کرنے والوں کیخلاف کوئی بھی کارروائی کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جانوروں میں پھیلی بیماریوں پر قابو پا کر آبادگاروں کو سبسڈی دی جائے۔