ٹنڈوالٰہیار، بانس کی دکان میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کے سبب آتشزدگی

314

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) بانس کی دکان میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کے سبب آگ لگ گئی، چالیس لاکھ روپے کا سامان خاکستر ہوگیا، بلدیہ کی فائر بریگیڈ وقت پر نہ پہنچنے کے سبب نقصان زیادہ ہوا، دکان مالک عامر پٹھان۔ تھانہ اے سیکشن کی حد میں واقعے بلوچ کالونی میں میرپور خاص روڈ پر واقعے عامر پٹھان کی بانسوں کی دکان میں رات کو بجلی کے شارٹ سرکٹ کے سبب آگ لگ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے شعلوں نے دکان میں پڑے بانسوں کو خاکستر کردیا جبکہ دکان کے ساتھ گھر کا لاکھوں روپے کا سامان جل گیا۔ اس موقعے پر دکان مالک عامر پٹھان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے میونسپل کمیٹی کے افسران کو فائر بریگیڈ کے لیے فون کیے لیکن تین گھنٹے کی تاخیر کے سبب گاڑی ٹنڈوالہٰیار آئی، وہ بھی شہریوں کو پینے کا پانی فراہم کرنے والی ٹینکی تھی، جس کے سبب نقصان زیادہ اٹھانا پڑا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ہماری فوری مالی مدد کرے۔