ضلع میں صحت ڈیسک یونٹس کو اپ گریڈ کررہے ہیں، عبدالغفار رند

253

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) صحت کے عالمی دن کے موقع پر ہیلپ ایج اور سرسو کی جانب سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان خاص ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالغفار رند نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن کی مناسبت سے ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ صحت کی تمام سہولیات بغیر امیر و غریب، جنس اور عمر کے سب کو دینا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پورے ضلع بھر میں ہم صحت ڈیسک یونٹس کو اپ گریڈ کررہے ہیں، تعلقہ گڑھی خیرو میں 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، تعلقہ ٹھل ایچ یو کو آر ایچ یو بنایا گیا ہے جبکہ جیکب آباد ضلعی ہیڈ کوارٹر کے لیے سول اسپتال کے ٹراما سینٹر پر کام کے لیے 90 کروڑ روپے کا بجٹ پاس ہوچکا ہے جس پر کام جاری ہے۔ اب سول اسپتال میں ایکسرے سے ایم آئی آر تک سب مفت َسہولیات دی جارہی ہیں، موجودہ وبا سے نمٹنے کے لیے میڈیکل اسٹاف کے بعد اولڈ افراد کی ویکسینیشن کی جارہی ہے، 24 گھنٹے ایمرجنسی سہولیات موجود ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا کہ ملیریا اسپرے میں کوتاہی میں فقط محکمہ ہیلتھ کو الزام دینا درست نہیں، سرسو کے ضلعی انچارج ڈاکٹر شاہد لاکھو نے کہا کہ ہیلپ ایج کے تعاون سے سندھ کے 15 اضلاع میں 2009ء سے منصوبے جاری ہیں، جس میں بزرگوں کی فلاح کے لیے، غربت کو کم کرنے اور جانوروں کے علاج اور سنبھالنے کا کام کیا جارہا ہے۔ فیلڈ آفیسر سرسو ماجد بنگلانی نے کہا کہ ملک میں 15 لاکھ بزرگ اپنے حقوق سے بے خبری کی وجہ سے سہولیات سے محروم ہیں۔ ہم 2050ء تک ملک سے غربت سے خاتمہ کے لیے کام کررہے ہیں۔