کورونا نے معاشرے میں ذہنی صحت کو بری طرح متاثر کیا ہے، مقررین

202

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )کورونا کی وبا نے معاشرے میں ذہنی صحت کو بری طرح متاثر کیا ہے، بہت سے لوگ زندگی کی جنگ مایوسی اور خوف کی وجہ سے ہار گئے مگر ہم کو ہمت نہیں ہارنی چاہیے ،ہم اس وبا سے جنگ اپنے خوف پر قابو پاکر ہی لڑسکتے ہیں اور یہ بات بھی یادرکھنی چاہیے کہ ماضی کے حوالے سے منفی اور مضرسوچ ہمیں آگے بڑھنے سے روکتی ہے ، معاشرے میں ذہنی صحت کو متا ثر کرنے کے لیے اور بھی عوامل موجود ہیں جن میں سے ایک دوستی اور صحبت کا اثر بھی ہماری ذہنی صحت کو متاثر کرتا ہے۔ان خیالات کا اظہار ملک کے ممتاز ماہرین نفسیات نے گزشتہ روز محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی(ماجو) کے نفسیات کے شعبہ کی جانب سے یونیورسٹی کیمپس میں’’ دباؤ کو شکست دیں اور اپنے اندرونی نقاد کو فتح کریں‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ماجو کی پرسنل کیریکٹر ڈویلپمنٹ سوسائٹی اور ماجو مینٹل ہیلتھ کلب کے تعاون سے ذہنی صحت سے متعلق ایک میلے کا بھی انعقاد کیا گیا تھا جس میں طلبہ اور اساتذہ کی ایک بڑی تعدادنے شرکت کی ۔سیمینار سے پروفیسر ڈاکٹر اقبال آفریدی، پروفیسر ڈاکٹر رضا الرحمان، پروفیسر ڈاکٹر قدسیہ طارق،پروفیسر ڈاکٹر زینب ایف زادہ،مس نمرہ اسد، ماجو کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ اور شعبہ نفسیات کی سربراہ مریم حنیف غازی نے خطاب کیا۔