چڑیاگھروں سے جانور غائب ہونے کاانکشاف

300

 

کراچی ( رپورٹ: محمد انور) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے گاندھی گارڈن چڑیا گھر اور سفاری پارک سے قیمتی اور نایاب نسل کے مختلف جانوروں اور پرندوں کی چوری یا لاپتا ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد محکمہ اینٹی کرپشن اور اور بلدیہ عظمی کے محکمہ اسپورٹس و کلچرل اور ریکری ایشن نے ڈائریکٹر چڑیا گھر کنور ایوب اور دیگر کے خلاف انکوائری شروع کردی ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے تین رکنی خصوصی انکوائری کمیٹی سینئر ڈائریکٹر منصور قاضی کی سربراہی میں تشکیل دی ہے۔اس ضمن میں اینٹی کرپشن کے انکوائری افسر سعادت علی شاہانی نے بتایا کہ کراچی زو اور سفاری پارک سے قیمتی اور نایاب نسل کے مختلف جانوروں کے غائب ہونے کی اطلاع پر صوبائی حکومت نے انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس ہدایت پر ڈائریکٹر سفاری پارک و زو سے4سالہ ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔ دوسری طرف کے ایم سی کے ذرائع کے مطابق ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد نے سینئر ڈائریکٹر اسپورٹس و کلچرل اور ریکری ایشن قاضی منصور کی قیادت میں تین رکنی انکوائری ٹیم تشکیل دی ہے۔انکوائری ٹیم ایڈیشنل ڈائریکٹر زو اسماعیل شاکر اور ڈائریکٹر انٹرنل آڈٹ شمس الدین شامل ہیں۔ انکوائری ٹیم گزشتہ سالوں کے دوران چڑیا گھر اور سفاری پارک سے چوری، غائب یا مرجانے والے جانوروں اور پرندوں کے بارے میں تفصیلات معلوم کرنے کے ساتھ جانوروں کی دیکھ بھال پر خرچ کیے جانے والے اخراجات اور جانوروں کی صحت کی بھی جانچ کی جائے گی۔ خیال رہے کہ سابق ڈائریکٹر کنور ایوب لگ بھگ 4 سال سفاری پارک اور زو کے ڈائریکٹر کی ذمہ داری انجام دے چکے ہیں۔