حافظ نعیم کی انجمن تاجران بابر مارکیٹ کے تاجروں سے ملاقات

193

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے لانڈھی بابر مارکیٹ کے انجمن تاجران کے انتخاب میں چھتری کے نشان پر کامیاب ہونے والے پینل کے صدر ظفر عباس،جنرل سیکرٹری فیصل انصاری،مکرم احمد ، اشفاق انصاری ودیگر عہدیداران سے خصوصی ملاقات کی اور انھیں مارکیٹ انتخاب میں پینل کی کامیابی پر مبارک باددی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے امیر عبدالجمیل خان ،سیکرٹری عبدالحفیظ ،مرزا فرحان بیگ ،نعمان بیگ ،جنید انصاری ودیگر ذمے داران بھی موجود تھے ۔انجمن تاجران بابر مارکیٹ کے نومنتخب عہدیداران نے حاٖفظ نعیم الرحمن کی ان کے دفتر آمد پر تشکر کا اظہار کیا ، حافظ نعیم الرحمن نے کامیاب عہدیداران کو پھولوں کے ہار پہنائے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ تاجر برادری جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔جماعت اسلامی ہی تاجروں کے مسائل حل کر سکتی ہے ۔تاجروں کو بھتا خوری اور غندہ گردی کی سیاست سے جماعت اسلامی نے ہی آزاد کرایا ہے ۔کراچی کو جرأت مند اور بہادر قیادت کی ضرورت ہے ۔کراچی کی تاجر برادری اربوں روپے ٹیکس کی مد میں قومی خزانے میں جمع کراتی ہے لیکن اس کا نمک برابر بھی اس شہر پر خرچ نہیں کیا جاتا۔ایف بی آر ودیگر ا دارے کراچی کے تاجروں کو ڈرانا دھمکانا بند کریں ۔جماعت اسلامی کراچی کے تاجروں کے ساتھ اب ظلم برداشت نہیں کرے گی ۔ انھوں نے تاجروں کو دعوت دی کہ وہ 28مارچ کو قائد آباد سے گورنر ہائوس تک جماعت اسلامی کراچی کے تحت حق دو کراچی ریلی میں بھرپور طریقے سے شریک ہو کر ثابت کردیں کہ کراچی کے عوام اب اپنے حقوق کے لیے بیدار ہوگئے ہیں ۔انجمن بابر مارکیٹ کے تاجروں نے حق دو کراچی ریلی کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اس میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ۔