کوئٹہ، گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کا مطالبات کی عدم منظوری پراحتجاج

551

کوئٹہ(نمائندہ جسارت) گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن ( آئینی ) بلوچستان کے تحت مطالبات کے حق میں مظاہرہ کیا گیا ۔کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ہونے والے احتجاج میں اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پران کے مطالبات سے متعلق نعرے درج تھے ۔ اس موقع پر جی ٹی اے آئینی ضلع کوئٹہ کے صدر عزیز آغا و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اساتذہ کے مطالبات جائز اور برحق ہیں جو پہلے ہی حکومت تسلیم کرچکی ہے لیکن نوٹیفکیشن کے اجرا میں پس و پیش سے کام لے رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہوشربا مہنگائی نے عوام اور خاص کر ملازمت پیشہ افراد کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ترقی یافتہ اقوام اساتذہ کو عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہیں جبکہ یہاں حکومت ملازمین خصوصاً اساتذہ کو کسمپرسی ، افلاس کی طرف دھکیل کر انہیں نان شبینہ کے محتاج بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اساتذہ کے مطالبات کی منظوری کے لیے وہ کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ دریں اثنا گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن آئینی بلوچستان کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل درآمد کے سلسلے میں کوئٹہ ڈویژن کے تمام اضلاع کوئٹہ ، قلعہ عبداللہ اور پشین میں پریس کلبوں کے سامنے بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ دوسری جانب کوئٹہ پریس کلب کے سامنے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ منگل کے روزبھی جاری رہی جس میں اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔