بلوچستان کے عوا م کی فلاح اور خوشحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعظم

1540

اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کی فلاح اور خوش حالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

بلوچستان کے امور پر اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ صوبے کے تمام سرکاری ملازمین کا ڈیٹا نادرا سے تصدیق کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں اجلاس میں نگراں وزیراعظم نے سمندری حدود میں مچھلیوں کے غیر قانونی شکار کو روکنے کے لیے باقاعدہ ٹریکر سسٹم لگانے کی ہدایت کی۔

نگراں وزیراعظم کا اجلاس میں کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کی فلاح، بہبود اور خوشحالی حکومت کی ترجیحات کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام آبی منصوبوں میں کلائمیٹ ریزیلئنس اور کلائمیٹ فنانس کو ملحوظ خاطر رکھا جائے ۔ خضدار -کراچی دو رویہ شاہراہ کی تعمیر کے لیے معاملات کو تیزی سے آگے بڑھا نے کی ہدایت کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ اس منصوبے سے ملک کے مختلف علاقوں کو متبادل راہداری ملے گی اور رابطے آسان ہوں گے ۔

انہوں نے صوبے کی سرکاری یونیورسٹیز کے مالی معاملات فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں نگراں وزیراعظم نے پہاڑی نالوں کے پانی کو مستعمل بنانے کے لیے چیک ڈیمز بنانے اور ملکی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر مچھلیوں کے شکار کی روک تھام کے لیے ٹریکر سسٹم نصب کرنے کی ہدایت کی۔

انوار الحق کاکڑ نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس کو نادرا کے اشتراک سے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور فٹنس کے حوالے سے مربوط نظام لانے کی ہدایت  کی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان کی جانب سے صوبے کے مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی کہ بلوچستان حکومت صوبے میں صاف اور شفاف انتخابات کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی تمام تر ہدایات پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔