ترکی اور مصر کے تعلقات 8 سال بعد بحال

320

انقرہ: ترکی اور مصر کی دوریاں ختم ہونے کے بعد دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات 8سال بعد بحال ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک وزیر خارجہ میلوت چاوش اولو کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات بہتر نہ ہونے کی کوئی وجہ نہیں ہے، اگر سعودی حکومت مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھتی ہے تو ترکی بھی تعلقات کی بہتری کے لئے تیار ہے، یہی پالیسی متحدہ عرب امارات کے لئے بھی ہے۔

ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ 8 سال کے طویل عرصے بعد دونوں ملکوں نے سفارتی اور انٹلی جنس سطح پر ایک دوسرے سے رابطہ کیا ہے، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ کی جلد ملاقات ہو گی۔

میلوت چاوش اولو  کا کہنا تھاکہ تعلقات کی بحالی کے لئے دونوں ملکوں نے کسی طرح کی پیشگی شرط نہیں رکھی،دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کی فضا میں جو کمی آ گئی تھی وہ اب ختم ہو گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  ترکی اور مصر کی وزارت خارجہ نے ایک دوسرے سے رابطہ کر لیا ہے اور جلد ہی مستقبل کا نقشہ سامنے آ جائے گا۔