آرام باغ:گودام میں آتشزدگی بھاری مالیت کافرنیچر خاکستر

93

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آرام باغ میں واقع فرنیچر کے گودام میں آتشزدگی کے نتیجے میں بھاری مالیت کا فرنیچر جل کرخاکستر ہو گیا ، فائر بریگیڈ کے عملے نے 8 فائر ٹینڈرز کی مدد سے3 گھنٹوں میں آگ پر قابو پا لیا۔تفصیلات کے مطابق آرام باغ کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع کوثر میڈیکل کے عقب میں واقع 2منزلہ عمارت میں واقع فرنیچرکے گوادم میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرتے ہوئے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،آگ لگنے کی اطلاع پر پولیس،رینجرز اور ریسکیوعملہ موقع پر پہنچ گیا اور فوری طور پر فائربریگیڈ کے عملے کو طلب کر لیا گیا، فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں، تاہم فائربریگیڈ کے عملے نے آگ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مزید فائر ٹینڈرز طلب کرلیں ، فائر بریگیڈ کے فائر فائٹرز نے تقریباً 3 گھنٹوں کی سخت جدوجہد کے بعد آگ کو کنٹرول کر لیا۔ اس حوالے سے فائر آفیسر ظفر اقبال نے میڈیا کو بتایا کہ گودام میں فوم، صوفے اور لکڑی کا فرنیچر موجود تھا۔ انہوں نے بتایا کہ آتشزدگی کے نتیجے میں گودام میں موجود بھاری مالیت کا فرنیچرجل کر خاکستر ہو گیا، فوری طور پر آگ کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے ۔