پولیس افسر کی خودکشی سمیت دیگر واقعات میں 6 جاں بحق

147

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پولیس افسرکی خودکشی سمیت دیگرواقعات میں6جاںبحق‘صدر میں پولیس افسر نے خود کوگولی مار کے خودکشی کرلی، اورنگی ٹائون میں ایک 45 سالہ شخص بس کی ٹکر سے جاں بحق ہو گیا،دودریا میںکار اور موٹر سائیکل کے تصادم میں 2افراد زخمی ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق صدر پولیس لائن کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں پولیس انسپکٹر امجد کیانی جاں بحق ہو گئے جن کی لاش کو فوری پر اسپتال منتقل کردیا گیا،اسپتال حکام نے کہاکہ ہلاک شخص کے اہل خانہ کے مطابق انسپکٹر امجد نے خود کو سر میں گولی مارخود کشی کی ہے،آئی جی سندھ نے واقعے کی اطلاع پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساوتھ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ اورنگی ٹائون نمبر 5میں نامعلوم تیز رفتار گاڑی سڑک عبور کرنے والے شخص کو ٹکر مارتے ہوئے فرارہوگئی ، قریبی کھڑے افراد نے پولیس کو اطلاع دی ، پولیس اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچ کرشدید زخمی ہونے والے شخص کو عباسی شہید اسپتال منتقل کررہے تھے کہ وہ راستے میں دم توڑ گیا ۔سعید آباد تھانے کے لاک اپ سے فرار ہونے کی کوشش میں مزاحمت کے دوران ملزم سر پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا،جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ گولی چلانے والے پولیس اہلکارکو حراست میںلے لیا گیا۔ بلال کالونی کے قریب مکان سے خاتون کی7 دن پرانی لاش ملی۔نعش کی شناخت 65 سالہ عائشہ زوجہ شکیل کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق متوفیہ گھر میں اکیلی رہتی تھی، ادھر اسٹیل ٹائون تھانے کی حدود میںلنک روڈ ایم ڈی ہاؤسنگ سوسائٹی کے میدان سے ایک 30سالہ خاتون اور 12 سالہ بچے کی سوختہ لاشیں برآمد ہوئیں۔پولیس کے مطابق مقتولین کو اغواء کرکے قتل کیا گیا اور شناخت مٹانے کے لیے لاشوں کو جلادیاگیا، سول لین ریلوے پھاٹک کے قریب سے 50 سالہ شخص کی لاش ملی ۔ ڈیفنس نالے سے دو روز قبل ملنے والی لاش کی شناخت کر لی گئی۔پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت ندیم کے نام سے ہوئی جو چار روز قبل بہاولپور سے کام کی تلاش میں کراچی آیا تھا۔متوفی ندیم والدین کا اکلوتا بیٹا اور چار بہنوں کا بھائی تھا جبکہ وہ تین بچوں کا باپ بھی تھا۔